عوام اور سیاسی جماعتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے وزیراعظم کی شہباز شریف کو ہدایت

پرامن احتجاج جمہوریت کا بنیادی جزو ہے اور آئینی حقوق میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے، وزیر اعظم

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام مسائل اور امور مذاکرات سے حل کیے جا سکتے ہیں، فوٹو : فائل

وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ روز تحریک انصاف کے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور ان کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ عوام اور سیاسی جماعتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ٹیلی فون پر بات چیت کے دوران کہا کہ پرامن احتجاج جمہوریت کا بنیادی جزو ہے۔ پنجاب حکومت عوام کے حقوق کی پاسداری کو یقینی بنائے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام مسائل اور امور مذاکرات سے حل کیے جا سکتے ہیں،آئینی حقوق میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے گزشتہ روز مظاہرے کے دوران گرفتار کئے گئے تمام افراد کو رہا اور ان کے خلاف دائر مقدمات ختم کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا گیا تھا تاہم پولیس نے کیمپ اکھاڑ کر رہنماؤں سمیت درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔
Load Next Story