ایف اے ٹی ایف اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستانی وفد چین روانہ

پاکستان میں ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پرعملدرآمد کا جائزہ لیاجائےگا


ویب ڈیسک May 14, 2019
پاکستان میں ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پرعملدرآمد کا جائزہ لیاجائےگا فوٹو:فائل

ISLAMABAD: فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس میں شرکت کے لیے سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگا کی سربراہی میں وفد چین روانہ پوگیا۔

ایف اےٹی ایف ایشیا پیسیفک گروپ کے مذاکرات کل بیجنگ میں ہوں گے جس میں پاکستان میں ایکشن پلان پرعملدرآمد کا جائزہ لیاجائےگا اور ٹائم لائن پرمبنی قابل عمل اہداف طےہوں گے۔

مذاکرات میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے یا بلیک لسٹ میں شامل کرنے پرغور ہوگا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کا نام گرے لسٹ میں ہی برقرار رہنے کا امکان ہے کیونکہ مولانا مسعود اظہر سمیت دیگراقدامات کے نتیجے میں پاکستان کا نام بلیک لسٹ میں شامل نہیں ہوگا جبکہ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے مخالف ممبربھارت کی جانب سے دباؤ بھی کم ہوا ہے۔

پاکستانی حکومت کالعدم تنظیموں کیخلاف کارروائی اور مدارس کا کنٹرول سنبھالنے سے متعلق ایف اے ٹی ایف کوآگاہ کرے گی، جبکہ ملک بھر کے صرافہ بازاروں کو دستاویزی بنانے،سونے کی خریدوفروخت کو ریگولرائز بنانے پرکام شروع کرنے پر بھی بات ہوگی۔

ایف اے ٹی ایف نے کالعدم تنظیموں اور افراد کے خلاف سخت کارروائی اور اینٹی منی لانڈرنگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے، پاکستان کو ایف اےٹی ایف کے27 نکاتی ایکشن پلان پرستمبرتک عملدرآمد کرنا ہے اور جون جولائی میں بھی ایکشن پلان پرعملدرآمدکاجائزہ لیاجائےگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں