عالمی بینک اصلاحات کے نفاذ میں پاکستان کی مدد کیلیے تیار

پاکستان کو پیچیدہ چیلنجز درپیش، مختلف شعبوں میں اصلاحات اور مناسب ترتیب رکھنے کی ضرورت ہے...


آن لائن August 26, 2013
پاکستان کو پیچیدہ چیلنجز درپیش، مختلف شعبوں میں اصلاحات اور مناسب ترتیب رکھنے کی ضرورت ہے، عالمی بینک کے نائب صدر فلپ لی ہیورو کی نئی دہلی روانگی سے قبل گفتگو. فوٹو: فائل

عالمی بینک کے جنوبی ایشیا خطے کے نائب صدر فلپ لی ہیورو نے کہا ہے کہ عالمی بینک پالیسی اور کارکردگی پر مبنی سپورٹ کے ذریعے اصلاحات کے نفاذ میں پاکستانی حکومت کو معاونت فراہم کرنے کیلیے تیار ہے، انہوں نے یہ بات نئی دہلی سے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت جن پیچیدہ چیلنجوں کا سامنا ہے اس میں حکومت کو نہ صرف مختلف سیکٹرز میں اصلاحات بلکہ ان کی مناسب ترتیب رکھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں موجودہ عالمی بینک کے مشن کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق فلپ لی ہیورو نے حکومت کیساتھ ترقیاتی ترجیحات اور بین الاقوامی ترقیاتی ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستان کیلیے اگلے دس ماہ کیلیے توانائی ریونیو موبلائزیشن اور سماجی شعبے میں اصلاحات کیلیے 1.5ارب ڈالر کی معاونت کے پروگرام کے حوالے سے گفتگو کی۔



انہوں نے پیچیدہ چیلنجوں سے نمٹنے کیلیے پاکستان کے اقتصادی منصوبے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ عالمی بینک مائیکرو اکانومی کے استحکام میں حکومت کیساتھ تعاون کرے گا۔ انہوں نے آئی ایم ایف کیساتھ کامیاب مذاکرات اور ابتدائی اصلاحاتی ایکشن کو عملی جامہ پہنانے میں تندہی دکھانے پر حکومت کو مبارکباد پیش کی۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران عالمی بینک کے نائب صدر فلپ ہیورو نے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے بھی ملاقات کی، جس میں انہوں نے عالمی بینک کی جانب سے شہری ترقی کے شعبوں میں صوبائی حکومت کو معاونت کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنے، اچھی حکمرانی اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کے اقدامات کو سراہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں