آصف زرداری کے سامان کی ایوان صدرسے بلاول ہائوس منتقلی شروع

صدر مملکت کے ذاتی سامان کی مرحلہ وار منتقلی کا عمل 30 اگست تک مکمل کرلیا جائے گا


عامر خان August 26, 2013
نومنتخب صدر ممنون حسین کا سامان 3 سے 5 ستمبر تک ایوان صدر اسلام آباد منتقل ہوجائیگا، ذرائع۔ فوٹو: فائل

لاہور: صدر آصف علی زرداری نے اپنے عہدے کی اختتامی مدت کے قریب آتے ہی ایوان صدر کو خالی کرنا شروع کردیا ہے۔

صدر مملکت کا ذاتی سامان مرحلہ وار بلاول ہائوس کراچی منتقل کیا جارہا ہے اور اس سامان کی منتقلی کاعمل30 اگست سے قبل مکمل کرلیاجائے گا۔ذرائع کا کہناہے کہ صدر زرداری کے عہدے کی مدت 8 ستمبر کو مکمل ہورہی ہے اس مدت کی تکمیل سے قبل صدرمملکت کے ایوان صدرمیں موجود ذاتی استعمال کے سامان کی منتقلی کا عمل شروع ہوگیاہے اورگزشتہ کئی روزسے ان کے ذاتی سامان کی بلاول ہاوس کراچی منتقلی کا عمل جاری ہے ۔اس سامان میں صدرمملکت کے کپڑے ،کتابیں،مختلف موقع پر ملنے والے تحائف اور دیگر استعمال کی اشیاشامل ہیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ صدرمملکت کاذاتی سامان خصوصی جہاز سے اسلام آباد سے کراچی پہنچاہے جو مرحلہ وار بلاول ہائوس لایا جاچکاہے اور مذید سامان جلدکراچی پہنچ جائے گا۔



نومنتخب صدرمملکت ممنون حسین کاذاتی استعمال کاسامان کراچی سے3سے5ستمبرتک ایوان صدر اسلام آباد منتقل ہوجائے گا۔نومنتخب صدرکی حلف برداری 8یا 9ستمبرکوایوان صدراسلام آبادمیں ہوگی ۔صدرآصف علی زرداری عہدے کی مدت کی تکمیل کے بعدکراچی میں بلاول ہائوس میں منتقل ہوجائیںگے ۔ایوان صدرکے ترجمان فرحت اللہ بابر نے ایکسپریس کو بتایاکہ صدر آصف زرداری کے عہدے کی مدت قریب آرہی ہے اس لیے ان کے ذاتی سامان کی منتقلی کاعمل جاری ہے۔صدرآصف علی زرداری کی جانب سے اپناعہدہ چھوڑنے سے قبل جلدایوان صدرمیں ایک عشائیہ دیاجائیگا۔اس عشائیے میں اعلیٰ حکومتی شخصیات شرکت کریں گی ۔صدر آصف علی زرداری اپنے عہدے کی مدت کے آخرری روزجب ایوان صدراسلام آبادسے رخصت ہوںگے تو انھیں مکمل الوداعی پروٹوکول دیاجائیگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں