سپریم کورٹ کا راؤ انوار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست دوبارہ دائر کرنے کا حکم

راؤ انوار پولیس آفیسر ہیں تو بیرون کیوں جانا چاہتے ہیں، سپریم کورٹ کا وکیل سے استفسار


ویب ڈیسک May 16, 2019
راؤ انوار کا نام عدالتی حکم پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے نظر ثانی درخواست عدالتی فیصلے کے ساتھ دوبارہ دائر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سابق ایس ایس پی ملیر کراچی راؤ انوار کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ راؤ انوار کے وکیل ملک نعیم اقبال نے موقف اختیار کیا کہ نقیب اللہ محسود کے قتل کا نوٹس عدالت نے لیا تھا، راؤ انوار عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت نے انہیں ضمانت دی تھی لیکن بعد میں راؤ انوار کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔

جسٹس عمر عطا ءبندیال نے راؤ انوار کے وکیل سے مکالمے کے دوران ریمارکس دیئے کہ آپ کہتے ہیں کہ ضمانت پر ہیں تو نام ای سی ایل سے بھی نکالا جائے، ای سی ایل سے نام نکلوانے کا ایک طریقہ ہے،آپ پولیس آفیسر ہیں تو بیرون ملک کیوں جانا چاہتے ہیں،کیا آپ کا کاروبار ہے بیرون ملک؟، جس پر ملک نعیم اقبال نے بتایا کہ ان کے موکل کا خاندان بیرون ملک مقیم ہے، انہیں فیملی سے ملنے کے لئے جانا ہے۔

جسٹس عمر عطاءبندیال نے استفسار کیا کہ کیا راؤ انوار پر کوئی اور ایف آئی آریا انکوائری چل رہی ہے ؟، جس پر ملک نعیم اقبال نے بتایا کہ 444 لوگوں کے ماورائے عدالت قتل کے حوالے سے بہت سی چیزیں چل رہی ہیں۔

جسٹس فیصل عرب نے استفسار کیا کہ اخباروں میں تو آتا ہے کہ راؤ انوار پر مزید انکوائریاں ہیں، جس پر نقیب اللہ کے والد کے وکیل فیصل صدیقی نے کہا راؤ انوار کے خلاف نیب میں اثاثوں سے متعلق انکوائری جاری ہے، جس پر جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیئے کہ اس نوعیت کے تو بہت سے کیسز ہیں، ہم اس کیس کو نہیں دیکھ رہے۔ سپریم کورٹ نے راؤ انوار کو نظر ثانی درخواست عدالتی فیصلے کے ساتھ دوبارہ دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |