افغان صدر حامد کرزئی ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

حامد کرزئی پاکستانی حکام سے ملاقات کے دوران پاکستانی جیلوں میں قید افغان طالبان کی رہائی کا معاملہ زیربحث لائیں گے۔


ویب ڈیسک August 26, 2013
افغان صدر کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانا اور افغان امن عمل کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان سے مدد حاصل کرنا ہے۔ فوٹو: فائل

افغان صدر حامد کرزئی ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں وہ صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔

وزیر اعظم کی دعوت پر اسلام آباد پہنچنے پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے افغان صدر کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر صدر کرزئی کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی، وزیر اعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی بھی دی۔ افغان صدر کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانا اور افغان امن عمل کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان سے مدد حاصل کرنا ہے۔

حامد کرزئی اپنے دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے جس میں وہ پاکستانی جیلوں میں قید افغان طالبان کی رہائی کا معاملہ بھی زیر بحث لائیں گے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن اور مصالحتی عمل میں پیش رفت کی ہرممکن کوشش کا حامی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں جمہوری انداز میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد افغانستان کے کسی بھی اعلیٰ سطح کے وفد یا شخصیت کا یہ پہلا دورہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں