مہنگائی کے ذمہ دار آصف علی زرداری اور نواز شریف ہیں شیخ رشید

ملک خانہ جنگی کی طرف گیا تو ذمہ دار منی لانڈرنگ والے ہوں گے، وفاقی وزیر


ویب ڈیسک May 17, 2019
آصف زرداری نے سندھ کو ایڈیستان بنا دیا ہے، شیخ رشید فوٹو: فائل

وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار آصف علی زرداری اور نواز شریف ہیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تسلیم کرتا ہوں کہ آئل، گیس، گھی، چینی اور پٹرول کی قیمت بڑھی ہیں، پاکستان کو بچانے کے لیے غریب عوام پر بوجھ پڑ رہا ہے، مہنگائی کرنے کی ہمیں کیا ضرورت پڑی ہے، اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں اضافے کے ذمہ دار تو آصف زرداری اور نوازشریف ہیں، ڈالر کی قیمت بھی انہی کی وجہ سے بڑھی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں اضافہ لوٹ مار کی وجہ سے ہوا، سرمایہ دارسیاستدان اور لوٹ مار کرنے والے بڑے فخر سے کہتے ہیں ان پر36 کیسز ہیں، آصف زرداری چاہتے ہیں کہ ان کے ساتھ بھی شہبازشریف والافارمولااستعمال کیاجائے، یہ صرف ایک ہی چیزمانگ رہے ہیں ہمارے کیس واپس لو ہمارے ساتھ این آراو کرو۔

شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری نے سندھ کو ایڈیستان بنا دیا ہے ان سے گزارش ہے کہ لاڑکانہ کی طرف دیکھیں، ایتھوپیا، یوگینڈا، صومالیہ، کانگو میں ایڈز کا یہ عالم ہوتا توحکمران ڈوب کے مر جاتے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر نقصان پہنچانے کی بین الاقوامی سازش ہو رہی ہے، ملک خانہ جنگی کی طرف گیا تو ذمہ دار منی لانڈرنگ والے ہوں گے، لوگ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہو کر سازش کا مقابلہ کریں گے، دو سال میں معاشی بحران پر قابو پا لیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں