
انٹرنیٹ پر ناپسندیدگی اور بیزاری کا اظہار کرنے والی سب سے مشہور بلی گرمپی امریکی ریاست ایریزونا میں فوت ہوگئی ہے۔ اس کا اصل نام ٹارڈر سوس تھا لیکن یہ گرمپی کے نام سے مشہور ہوئی جس کا مطلب بدمزاج، بیزار، لاپرواہ اور غصیلا ہوتا ہے۔ اپنے عدم دلچسپی کے رویے سے یہ دنیا میں ان احساسات کے اظہار کا ایک عالمگیر حوالہ بن گئی تھی۔ اس سفر میں گرمپی اشتہارات اور فلموں میں بھی آئی اور اس طرح لاکھوں ڈالر کی رقم بھی کمائی۔

منگل کی صبح پیشاب کی نالی میں دیرینہ انفیکشن کی وجہ سے گرمپی کی موت واقع ہوگئی ۔ صرف انسٹاگرام پر اس کے ایک کروڑ سے زائد مداح تھے۔

گرمپی کی تصویر ہزاروں مواقع پر کروڑوں مرتبہ شیئر ہوئی اور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ کی وجہ بنی۔ کئی مشہور فلمی اداکاروں نے گرمپی کے ساتھ کچھ وقت گزارا تھا جبکہ لندن میں مادام تساؤ میوزیم میں اس کا مومی مجسمہ بھی بنایا گیا اور کئی اہم اداروں میں اسے مدعو کیا گیا۔

اپنے خاص تاثرات اور غصیلے انداز کی وجہ سے گرمپ کی تصاویر بہت مقبول ہوئیں اور اب بھی زیرِ گردش ہیں۔ اس بلی پر کہانی، تصویری کتاب اور دیگر کئی اہم مضامین بھی شائع کئے گئے ہیں۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔