پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمرزمان کائرہ کا بیٹا کار حادثے میں جاں بحق

گھر سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر اسامہ کائرہ کی کار بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی، پولیس حکام


ویب ڈیسک May 17, 2019
قمر زمان کائرہ کو بیٹے کی ہلاکت کی اطلاع اسلام آباد میں دی گئی ہے، پولیس ۔ فوٹو : فائل

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی صدر قمر زمان کائرہ کا بیٹا اسامہ اور اس کا دوست حمزہ بٹ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر اور سینئر سیاست دان قمر زمان کائرہ کا جواں سال بیٹا اسامہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا۔ اسامہ کائرہ گورنمنٹ کالج لاہور کا طالب علم تھا۔

پولیس حکام کے مطابق اسامہ کائرہ کار نمبر بی ایس 447 پر سوار تھا اور گھر سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر کار بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہو گئی اور اسامہ کائرہ موقع پر جاں بحق ہوگئے، جب کہ گاڑی میں سوار اسامہ کا دوست حمزہ بٹ شدید زخمی ہوا، جسے اسپتال پہنچا دیا گیا تاہم حمزہ بٹ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

قمر زمان کائرہ کو بیٹے کی ہلاکت کی اطلاع اسلام آباد میں دی گئی، اس وقت وہ میڈیا سے بات کررہے تھے، خبر ملتے ہی قمر زمان کائرہ پریس کانفرنس چھوڑ کر لالہ موسیٰ اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے، جس کے بعد سے وہ غم سے نڈھال ہیں۔

بیٹے کی ہلاکت پر آرمی چیف، حکمراں جماعت تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، ایم کیو ایم، عوامی تحریک سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے قمر زماں کائرہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اپنے تعزیتی پیغام میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے والدین کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قمر زماں کے جواں سال بیٹے کے انتقال کی خبر سن کر دلی رنج اور افسوس ہوا۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں کائرہ فیملی کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسامہ قمر کی ٹریفک حادثے میں موت پر بہت دکھ ہوا، ہم سب قمر زمان کائرہ اور ان کے خاندان کے ساتھ اس غم میں شریک ہیں، اللہ تعالی اہل خانہ کو یہ بڑا غم برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جواں سال بیٹے اسامہ کی وفات پر بے حد افسوس ہوا، اللہ تعالی اہل خانہ کو یہ ناقابل تلافی نقصان اور بڑا غم برداشت کرنے کی توفیق دے۔

عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے حادثاتی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کی بخشش فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اللہ تعالی قمر زمان کائرہ اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں