لاہورمیں دھرنے کے دوران تحریک انصاف کے کارکن آپس میں ہی لڑپڑے صحافیوں پربھی تشدد

لاہور میں دھرنے کے دوران کارکن آپس میں لڑ پڑے، اس موقع پر صحافیوں کو بھی کارکنوں کی جانب سے تشدد کا نشانھ بنا گیا


ویب ڈیسک August 26, 2013
تشدد کے بعد صحافیوں نے دھرنے کی کوریج کا بائیکاٹ کردیا، فوٹو:ایکسپریس نیوز

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ضمنی انتخابات کے دوران مبینہ دھاندلی کے خلاف دھرنے میں کارکن آپس میں ہی لڑ پڑے جب کہ کوریج کرنے والے صحافیوں کو بھی کارکنوں کی جانب سے تشدد کا نشانھ بنا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی کے سامنے مال روڈ پر جاری دھرنے کے دوران تحریک انصاف کے کارکن آپس میں لڑ پڑے، اس دوران واقعہ کی کوریج کرنے والے کیمرہ مینوں پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے دھاوا بول دیا اور ان پر ڈنڈوں سے تشدد کیا جس کےنتیجے میں نجی ٹیلی ویژن چینل کے کیمرہ مین شدید زخمی ہوگئے جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعہ کے بعد صحافیوں نے دھرنے کی کوریج کا بائیکاٹ کردیا۔

واقعہ پیش آنے کے بعد موقع پر موجود تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری نے صحافیوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں پر تشدد کرنے والے افراد کا تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں تاہم صحافیوں کا کہنا ہے کہ تشدد کرنے والے تمام افراد نے تحریک انصاف کے پرچم اٹھارکھے تھے اور جھنڈوں کے ڈنڈوں سے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ 22اگست کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتے کو دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے بھوک ہڑتال کیمپ لگایا گیا تھا تاہم پنجاب پولیس نے کیمپ لگانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے متعدد کارکنوں اور مقامی رہنماؤں کو حراست میں لے لیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں