اگر تم ساتھ ہوتے تو اچھا تھا

بولی وڈ کے ایسے جوڑے جنہیں الگ نہیں ہونا چاہیے تھا


س ب ع August 26, 2013
بولی وڈ کے ایسے جوڑے جنہیں الگ نہیں ہونا چاہیے تھا. فوٹو : فائل

بولی وڈ میںرشتوں کا بننا اور بگڑنا معمول کی بات ہے ایک بریک اپ کے بعد فلمی ستارے کسی اور سے رشتہ قائم کر لیتے ہیں جب کہ کئی اداکار اور اداکاراؤں کے لیے متواتر رشتے توڑنا اور بنانا ایک مشغلہ سے زیادہ کچھ نہیں ہے لیکن فلم نگری میں کچھ جوڑ ے ایسے رہے ہیں جن کی علیحدگی کا افسوس ان کے مداحوں کو آج تک ہے۔

زیر نظر مضمون میں ہم نے بولی وڈ کے ایسے نوجوان جوڑوں کا تذکرہ کیا ہے جنہیں ان کے مداحوں کے خیال میں الگ نہیں ہونا چاہیے تھا۔

سلمان خان اور ایشوریا رائے


دبنگ خان اور سابقہ مس ورلڈ ایشوریا رائے کی محبت کا آغاز فلم ''ہم دل دے چکے صنم'' کے سیٹ پر ہوا اورجلد ہی بولی وڈ میں اس جوڑی کی محبت کے فسانے عام ہوگئے۔ مداح ان لو برڈز کو ہر جگہ ایک ساتھ دیکھنے کے لیے پاگل تھے۔ دونوں نے کبھی بھی عوام کے سامنے پیار کا اظہارنہیں کیا۔ تاہم ان لو برڈزنے مزید اونچی اڑان بھر نے سے قبل ہی اپنے راستے جدا کر لیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ''بریک اپ'' کی وجہ سلو بھائی کا تنگ نظر اور جارحانہ رویہ تھا لیکن بریک اپ کی حقیقی وجوہات شاید ہی کبھی منظر عام پر آسکیں۔

شاہد کپور اور پریانکا چوپڑا


پریانکا چوپڑہ اور شاہد کپور کی محبت کی شروعات فلم ''کمینے '' سے ہوئی۔ فلم کی عکس بندی کے دوران دونوں کی اچھی کیمسٹری بن گئی تھی اور یہی کیمسٹری آگے چل کر محبت میں تبدیل ہوگئی۔ کرینا کی بے وفائی کا شکار ہوچکے شاہد کپور نے اپنی چاہتوں کا محور پریانکا چوپڑہ کو بنا لیا شاید انہیں امید تھی کہ پی سی ساری زندگی ان کی محبت کا دم بھرتی رہیں گی۔ لیکن بیبو کے بعد پریانکا بھی شاہد کو ہری جھنڈی دکھا کر بولی وڈ کے کسی دوسرے ''ہیرو'' کی تلاش میں نکل پڑیں۔ان کے بریک کی وجہ بھی آج تک کسی کو پتا نہیں چل سکی اور نہ ہی ان دونوں نے کبھی اس بارے میں بات کی ہے۔

جان ابراہام اور بپاشا باسو


بولی وڈ میںطویل عرصے تک ایک دوسرے کی محبت کا دم بھرنے والے جوڑوں کا ذکر جان ابراہام اور بپاشا باسو کے بغیر ادھورا ہے۔ دس سال تک یک جان دو قالب کی طرح رہنے والے جان اور بپاشا میں اس وقت علیحدگی ہوئی جب بھارتی فلم نگری سے وابستہ ہر شخص کو یقین تھا کہ وہ جلد ہی اپنی شادی کا اعلان کردیں گے۔ جان اور بپاشا کو بولی وڈ کی سب سے مظبوط جوڑی قرار دیا جاتا تھا۔

رنبیر کپور اور دپیکا پاڈوکون
رنبیر کپور اور دیپیکا پاڈوکون یہ دونوں اداکار ہی بھارتی فلم نگری میں نووارد تھے۔ دیپیکاکا بولی وڈ میں زنبیر کے ساتھ پہلا افیئر تھا لیکن رنگین مزاج رنبیر دیپیکاسے پہلے سونم کپور کی زلفوں کے اسیر رہ چکے تھے۔ لیکن متلون مزاج رنبیر کے لیے کسی ایک کا ہونا ممکن نہیں تھا۔ فلم''عجب پریم کی غضب کہانی'' کی عکس بندی کے دوران ہی انہیں کتریناکیف سے ''محبت'' ہوگئی۔ دیپکا کے لیے اپنے''بوائے فرینڈ'' کی کیٹ کے ساتھ قربت ناقابل برداشت تھی اور اسی بات پر دیپیکانے رنبیر سے قطع تعلق کرلیا۔

کرینا کپوراورریتھک روشن


ریتھک روشن کی پہلی فلم ''کہو نہ پیار ہے'' نے باکس آفس پر شان دار کامیابی حاصل کی تھی لیکن بہت کم لوگوں کے علم میں یہ بات ہو کہ اس فلم میں کرینا کپور کو ریتھک کی ہیروئین کے طور پر کاسٹ کیا گیا تھا تاہم کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر بیبو نے فلم میںکام کرنے سے منع کردیا تھا۔ جس کے بعد یہ فلم امیشاپاٹیل کو مل گئی تھی۔

فلم''کہو نہ پیار ہے'' کے لیے ریتھک کے ساتھ فلمائے گئے کچھ مناظر نے دونوں کے رومانی تعلقات کو بولی وڈ کے لیے یادگار بنا دیا۔ گرچہ ریتھک اپنے بچپن کی دوست سوزانے خان کے ساتھ کمیٹڈ تھے لیکن یہ بات بھی دونوں کو ایک دوسرے کی محبت میں گرفتا ر ہونے سے نہیں روک سکی۔ اس کہانی کا افسوس ناک انجام ریتھک کی سوزانے کے ساتھ شادی پر ہوا۔

کرشمہ کپور اور ابھیشیک بچن


ابھیشیک کی کرشمہ سے پہلی ملاقات اس وقت ہوئی تھی جب وہ ان کے پتا یعنی امیتابھ بچن کے ساتھ ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔ اور اسی ایک ملاقات میں محبت کی چنگاری بھڑک اٹھی اور دونوں نے ہی زندگی بھر ساتھ رہنے کے عہد و پیماں کرلیے۔ امیتابھ کی ساٹھویں سالگرہ پر دونوں کی منگنی بھی کر دی گئی تھی ۔لیکن جب ان کے مداح شادی کی خبر سننے کے لیے بے تاب تھے تب انہوں نے منگنی توڑنے کا اعلان کر کے سب کو حیرت میں مبتلا کردیا تھا۔ منگنی ٹوٹنے کے کچھ عرصے بعد ہی کرشمہ نے سنجے کپور سے سگائی کرلی تھی۔

پریتی زنٹا اور نیس واڈیا
پریتی بولی وڈ کی ایک گلیمرس اداکارہ تھی تو نیس واڈیا ایک بزنس ٹائیکون،یہ جوڑی بولی وڈ کی سب سے اسٹائلش جوڑی تھی۔ نیس واڈیا نے اپنی ماں کی نا پسندیدگی کے باوجود پریتی سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا جب کہ دونوں انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم کنگز الیون پنجاب میں شراکت دار بھی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں میں علیحدگی اہم وجہ کرکٹر یووراج سنگھ سے پریتی کی بڑھتی ہوئی قربتیں تھیں۔ جب کہ کچھ نزدیکی لوگوں کا کہنا ہے کہ نیس واڈیا نے اپنی ماں کی وجہ سے پریتی سے قطع تعلق کیا۔

اکشے کمار اور شلپا شیٹھی


اکشے اور شلپا کی محبت کا آغاز فلم '' دھڑکن'' کی عکس بندی سے ہوا تھا۔ شلپا اکشے کی محبت میںحد سے زیادہ گرفتار ہوگئیں تھی لیکن ان کی محبت کا کلائمیکس شروع ہونے سے قبل ہی ختم ہو گیا۔ اکشے نے شلپا کے ارمانوں کا خون کرتے ہوئے ماضی کی سپراسٹار جوڑی ڈمپل کپاڈیہ اور راجیش کھنہ کی بیٹی ٹوئنکل کھنہ سے سگائی کرلی۔ کہا جاتا ہے کہ اکشے کی بے وفائی نے شلپا کو بری طرح توڑ کر رکھ دیا تھا۔ شلپا نے بھی جلد ہی اکشے کے نام کو دل کی دیوار سے کھرچ کر راج کندرا کے ساتھ شادی کرلی۔

رنویر سنگھ اور انوشکا شرما


رنویر اور انوشکا کی حقیقی زندگی میں محبت کی کہانی بھی ان کی پہلی فلم ''بینڈ باجا بارات'' سے ملتی جلتی ہے۔ فلم کے سیٹ پر ہی دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوئے تھے۔ گرچہ دونوں نے ہمیشہ اپنی محبت کی تردید کی لیکن ''عشق اور مشک چھپائے نہیں چھپتے '' کے مصداق دونوں کی ملاقاتیں بھی کسی کی نظروں سے چپھی نہیں رہ سکیں۔ اور فلمی انداز میں شروع ہونے والی محبت کا اختتام بھی فلمی ہی ہوا اور ابھی تک نہیں پتا چل سکا کہ درحقیقت ان کی محبت کا خاتمہ کس وجہ سے ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں