اسٹیل ملز کی بحالی کیلیے سندھ نے زمین بیچنے کی مخالفت کردی

ایکسپرٹ گروپ نے 2 کھرب کے قرضوں کی ادائیگی کیلیے ملز کی زمین بیچنے کی سفارش کی تھی


Zafar Bhutta May 19, 2019
ایکسپرٹ گروپ نے 2 کھرب کے قرضوں کی ادائیگی کیلیے ملز کی زمین بیچنے کی سفارش کی تھی۔ فوٹو: فائل

حکومت سندھ نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے لیے وفاق کے اسٹیل ملز کی زمین فروخت کرنے کے منصوبے کی مخالفت کردی۔

ایکسپرٹ گروپ نے اپنی رپورٹ میں سفارش کی تھی کہ اسٹیل ملز کی زمین صنعتی مقاصد کے لیے فروخت کردی جائے اس سے نہ صرف قرض کی ادائیگی ہوگی بلکہ بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

پاکستان اسٹیل ملز پر واجب الادا 206 ارب روپے کے قرضوں کی ادائیگی کے لیے ملز کی زمین کی فروخت کی سفارش ماہرین کے گروپ نے کی تھی جسے وفاقی حکومت ہی نے تشکیل دیا تھا۔

حکام کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے ظاہر کردہ کچھ تحفظات کے بعد یہ تجویز ناقابل عمل پائی گئی۔ ایک اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بتایا کہ روسی اور چینی کمپنیاں پاکستان اسٹیل ملز کو چلانے میں دل چسپی رکھتی تھیں مگر سب سے بڑی رکاوٹ ملز پر واجب الادا قرضے تھے۔ طویل غوروخوض کے بعد ای سی سی نے اسٹیل ملز کی نجکاری کا فیصلہ کرتے ہوئے نجکاری ڈویژن کو اسٹیل ملز کی نجکاری کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ ماہرین کے گروپ نے اسٹیل ملز کی نجکاری کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی اور اسٹریٹجک اثاثہ ہے، اسے فروخت نہ کیا جائے، گروپ نے اپنی رپورٹ میں زور دیا تھا کہ تیکنیکی طور پر اسٹیل ملز کی بحالی ممکن ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں