محمد عامر انگلینڈ کیخلاف ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے

چکن پاکس سے نجات کے باوجود محمد عامر ڈاکٹر کی ہدایت پرآخری ون ڈے سے بھی باہر۔


شاداب خان طبی معائنے میں فٹ قرار پائے، وارم اپ میچز کیلیے دستیاب ہوں گے۔ فوٹو:فائل

محمد عامر انگلینڈ کیخلاف ایکشن میں دکھائی نہیں دے سکیں گے جب کہ پیسر ون ڈے سیریز کے آخری میچ سے بھی باہر ہوگئے۔

طویل عرصے سے آؤٹ آف فارم محمد عامر کو اس امید پر انگلینڈ سے سیریز کیلیے منتخب کیا گیا کہ عمدہ کارکردگی دکھاکر ورلڈکپ اسکواڈ میں واپس آ سکیں، پاکستان نے 3 پریکٹس میچز سمیت اب تک مجموعی طورپر 8میچز کھیلے، محمد عامر کو صرف ایک کاؤنٹی میچ میں بولنگ کا موقع مل سکا۔

انگلینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے کی پلیئنگ الیون میں وہ شامل تھے مگر میچ بارش کی نذر ہوگیا، اس کے بعد سے عامر چکن پاکس کا شکار ہوکر ٹیم مینجمنٹ کی ہدایت پر لندن میں فیملی کے ساتھ موجود ہیں، ان کی انگلینڈ کیخلاف اتوار کو شیڈول آخری ون ڈے میں شرکت کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا لیکن یہ خواب بھی ادھورا رہ گیا۔

ذرائع کے مطابق پیسر کوڈاکٹر نے مکمل صحتیاب قرار دیدیا تاہم فوری طورپر کرکٹ کھیلنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے، انگلینڈ سے سیریز میں بولرز کی مایوس کن پرفارمنس کے بعد اب محمد عامر کو بغیرکھلائے ہی ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔

دوسری جانب لندن میں ڈاکٹر پیٹرک کینڈی نے لیگ اسپنر شاداب کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے بلڈ رپورٹ کو تسلی بخش قرار دیدیا، لیگ اسپنر پیر کو قومی اسکواڈ میں شامل ہوجائیں گے، پاکستانی ٹیم24 اور 26 مئی کو بنگلہ دیش اور افغانستان کیخلاف ورلڈکپ کے وارم اپ میچز کھیلے گی، شاداب کو ان مقابلوں میں پریکٹس کا موقع فراہم کیا جا سکتا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں