کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ذمہ داروں کو ہٹانے کی قرارداد جمع

قرارداد پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جمع کروائی گئی

قرارداد پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جمع کروائی گئی۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی اور مسلسل شکستوں کی وجہ سے ذمہ داروں کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔


قرارداد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور اب انگلینڈ کے ہاتھوں مسلسل شکست ہوئی ہے، شکستوں کی وجہ سے ورلڈ کپ پر بھی ٹیم کی کارکردگی پر سوالیہ نشان نظر آنا شروع ہوگیا ہے، شکستوں کی وجہ سے کرکٹ کے شوقین عوام میں ورلڈ کپ سے قبل ہی مایوسیاں پھیلنے لگی ہیں، قومی سرمایہ خرچ کرنے کے باوجود ٹیم کی کارکردگی صفر ہے۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم مسلسل 10میچ ہارنے کے باوجود کرکٹ کے کرتا دھرتا اپنے عہدوں پر برا جمان ہیں، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں مسلسل شکستوں پر چیئرمین کرکٹ بورڈ، چیف سلیکٹر، کوچ اور کپتان کو فوری طور پر ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے اور کرکٹ میں مسلسل شکستوں کی ذمہ داری ان پر عائد کی جائے۔
Load Next Story