اقتدار سے دوری فضل الرحمان کو چین نہیں لینے دے رہی فردوس عاشق

کچھ نااہل سیاست دان سازشیں کرکے پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہیں، معاون خصوصی اطلاعات

مولانا فضل الرحمان کے سینے میں عوام کا نہیں اقتدار کا درد ہے، فردوس عاشق اعوان (فوٹو: فائل)

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اقتدار سے دوری مولانا فضل الرحمان کو چین نہیں لینے دے رہی، وہ عبادت کے ساتھ عداوت اور سیاست کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔

آئی ایم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 70 سالہ گلے سڑے نظام کو ختم کرنے کے لیے اسٹیٹس کو کا خاتمہ کرنا ہوگا، عمران خان اسٹیٹس کو کے آگے دیوار کہ طرح کھڑے ہیں اور نئے پاکستان کی ایک ایک اینٹ اپنے ہاتھ سے رکھ رہے ہیں، ایک طرف ہم پاکستان کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں دوسری طرف کچھ نااہل سیاستدان پاکستان کے خلاف سازشیں کررہے ہیں اور پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔


معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ روز ایسے ہی نااہل سیاست دانوں کا ایک افطار پر گٹھ جوڑ ہوا، جورمضان میں اللہ کی رضا کی بجائے عمران خان کے بعض میں اکٹھے ہوئے، اقتدار سے دوری مولانا فضل الرحمان کو چین نہیں لینے دے رہی، ان کے سینے میں عوام کا نہیں، اقتدار کا درد ہے اور وہ عبادت کے ساتھ عداوت اور سیاست کو ساتھ لے کرچلتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے ایک بیانیہ متعارف کروایا کہ ووٹ کو عزت دو، اصل مسئلہ ووٹ نہیں، نوٹ ہے، ووٹ کی حرمت کی آڑ میں نوٹ کو تحفظ اور عزت دینے کی بات ہو رہی ہے، ان کا اصل مقصد ووٹ کو عزت دینا نہیں ہے بلکہ کرپشن کو عزت دینا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حالات و واقعات کے مطابق (ن) لیگ کے بیانیے بھی بدلتے رہتے ہیں، آجکل ان کا بیانیہ صرف ایک ہے کہ ہمیں جانے دو، دراصل (ن) لیگ دو بیانیوں میں پھنس گئی ہے جس پر دونوں بھائیوں کے مابین بھی اتفاق نہیں، شہباز شریف اپنے بیانیے سمیت لندن میں جب کہ نوازشریف اپنے بیانیے سمیت جیل میں ہیں۔
Load Next Story