نیب کا بائیکاٹ نہیں کریں گے اسے تھکائیں گے آصف زرداری

نیب کا بائیکاٹ کریں گے تو کہا جائے گا قانون کا احترام نہیں کیا جا رہا، آصف زرداری


ویب ڈیسک May 21, 2019
آصف زرداری7 مختلف کیسز میں پہلے ہی عبوری ضمانت پر ہیں، فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ ہم نیب کا بائیکاٹ نہیں کریں گے بلکہ اسے تھکائیں گے.

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ 80 سال کے بوڑھوں کو عدالت میں لایا جارہا ہے، ہتھکڑیاں لگائی جاتی ہیں اورجیلوں میں بھیجا جاتا ہے۔ لوگوں کو ہتھکڑیاں بھی لگاوٴ، جیلوں میں بھی ڈالو اور پھر کہتے ہیں معیشت بھی چلاوٴ۔ قانون کہتا ہے کہ جرم ثابت ہونے تک ملزم عدالت کا پسندیدہ بچہ ہوتا ہے، ابھی تو مجرم کوئی نہیں، ابھی تو کسی کے خلاف جرم ثابت ہی نہیں ہوا، ابھی تو یہ سوچ ہی رہے ہیں۔

چیئرمین نیب کے انٹرویو کے حوالے سے آصف زرداری نے کہا کہ چیئرمین نیب کو انٹرویو دینے کا حق نہیں، ان کا عہدہ انہیں انٹرویو دینے کی اجازت نہیں دیتا، اگر انہوں نےانٹرویو دیا ہے تو قانونی کارروائی کریں گے۔

صحافی نے سوال کیا کہ 9 ماہ میں اپوزیشن کا اتحاد مضبوط نہیں ہوا کیا اب ایسا ہوگا ، جس پر آصف زرداری نے کہا کہ 9 ماہ میں ہم نے ایسا سوچا ہی نہیں تھا۔

مریم نواز کی جانب سے وزیر اعظم کو جعلی قرار دیئے جانے کے بیان سے متعلق سوال پر سابق صدر مملکت نے کہا کہ میں نے تو شروع سے ہی کہا یہ سلیکٹڈ وزیر اعظم ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ نیب کیسز میں شرکت سے بائیکاٹ پر غور کر رہے ہیں؟ جس پر آصف زرداری نے کہا کہ ہم نیب کا بائیکاٹ نہیں کریں گے بلکہ نیب کو تھکائیں گے، بائیکاٹ کریں گے تونیب کہے گا کہ ہماری عزت نہیں کررہے اور قانون کا احترام نہیں کیا جا رہا۔

آصف زرداری نے کہا کہ معاشی صورتحال خراب ہورہی ہے، ڈالر 160 پر چلا گیا ہے، میری نظر میں دوبارہ الیکشن واحد آپشن ہیں، دھرنا دیا تو کنٹینر ہم اپنے لائیں گے، میری نظر میں یہ نئی جنریشن کا دور ہے بلاول، اسفند یار ولی کا بیٹا اور نواز شریف کی بیٹی ہی قیادت کریں گے ،سب سینئر سیاست دان پیچھے بیٹھ کر آرام کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنانے پر آصف زرادری نے کہا کہ جو طوطے میرے خلاف بولتے ہیں اللہ ان کا بھلا کرے، بولنے پر ٹیکس نہیں لگا۔

نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے آصف زرداری نے کہا کہ میں نے ان کا نمبر مانگا ہی نہیں، ان کی طبعیت خراب ہے ضروری ہوا تو ملاقات ہوجائے گی۔

اس سے قبل ادھر اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے جعلی اکاؤنٹس کیس پر سماعت کی، سماعت کے دوران آصف زرداری اور فریال تالپور کو ریفرنس کی نقول فراہم نہ کی جاسکیں۔ جس پر عدالت نے کارروائی 30 مئی تک ملتوی کر دی۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک اور کیس میں آصف زرداری کی عبوری ضمانت منظور کرلی ہے، اس سے قبل ان کی 7 مقدمات میں ضمانت ہوچکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں