پنجاب میں بچت پالیسی کااعلان اندرون ملک سفرکیلئے بھی افسران اکانامی کلاس استعمال کریں گے

پنجاب حکومت کے وزرا، اراکین اسمبلی اور سرکاری افسران کو حکومتی اخراجات پر بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔


ویب ڈیسک August 27, 2013
بچت پالیسی کے تحت وزرا، اراکین اسمبلی اور افسران کے سرکاری خرچے پر نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی ہو گی. فوٹو: فائل

پنجاب حکومت نے صوبے میں بچت پالیسی کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت وزرا، اراکین اسمبلی اور سرکاری افسران کو حکومتی اخراجات پر بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت نہیں ہو گی جب کہ اندرون ملک جہاز سے سفر کے لئے بھی اکانومی کلاس کا استعمال کیا جائے گا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نےترقیاتی اور غیر ترقیاتی بجٹ کے اخراجات میں کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے بچت پالیسی مرتب کی ہے، صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ ایف بی آر میں گزشتہ سال بھی ریوینیو میں شارٹ فال تھا جورواں سال بھی برقرار ہے لہذا اخراجات کو کم کر کے زیادہ سے زیادہ بچت کی پالیسی اپنائی جائے گی۔


پنجاب حکومت کی جاری کردہ بچت پالیسی کے تحت وزرا، اراکین اسمبلی اور سرکاری افسران کے سرکاری خرچے پر نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی ہو گی، بیرون ملک سفر کرنے کے لئے بھی پنجاب حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی سے اجازت لینا شرط ہے جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی منظوری لینا ضروری ہو گی۔ اندرون ملک جہاز سے سفر کرنے کے لئے بھی متعلقہ حکام اکانومی کلاس کا استعمال کریں گے۔

بچت پالیسی کے تحت سرکاری دفاتر اور سرکاری افسران اپنے گھروں میں شام 8 بجے سے رات 11 بجے تک ایئر کنڈیشن کا استعمال نہیں کر سکیں گے، تمام وزرا، اراکین اسمبلی اور سرکاری افسران کے اسپیشل گرانٹس لینے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، اس کے علاوہ بجلی، گیس ، پانی اور ٹیلیفون کے بلز اور پیٹرول کے استعمال میں بھی مقررہ حد سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں