حکومت اور اپوزیشن کو مل کرملک کو معاشی بحران سےنکالنا ہوگا چوہدری شجاعت

دہشتگردی سمیت دیگر بحرانوں سے نمٹنے کےلیے فوج اپنافرض ادا کر رہی ہے لیکن پارلیمنٹ بھی اپنا کردار ادا کرے، چوہدری شجاعت


تمام جماعتوں سے درخواست ہے کہ وہ معیشت کی بحالی کے ایجنڈا پر غور کریں، چوہدری شجاعت فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل کرملک کو معاشی بحران سےنکالنا ہوگا۔

اپنے جاری بیان میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عید کے بعد کچھ اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہو کر حکومت اور عمران خان کے خلاف تحریک چلانے کا ارادہ رکھتی ہیں جس کے لیے ایجنڈا تیار کیا جا رہا ہے، میری تمام بڑی جماعتوں باالخصوص جو پارلیمنٹ میں موجود ہیں ان سے درخواست ہے کہ وہ اپنی پارٹیوں سے بالاتر ہو کر بیٹھیں اور معیشت کی بحالی کے ایجنڈا پر غور کریں۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھ کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہو گا کیونکہ ملک پہلے ہی دہشت گردی سمیت بہت سے بحرانوں میں گھرا ہوا ہے جس میں فوج تو اپنا فرض ادا کر رہی ہے، پارلیمنٹ کو بھی چاہے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے، خاص طور پر نیشنل ایکشن پلان جس پر مجھ سمیت تمام جماعتوں کے قائدین نے دستخط کئے تھے اس پر عمل درآمد کیلئے اپنا کردار ادا کریں، ان میں مولانا فضل الرحمن، آصف علی زرداری، عمران خان، نواز شریف اور دیگر جماعتوں کے قائدین سمیت آرمی چیف بھی شامل تھے اور آخر میں مولانا فضل الرحمان نے دعا بھی کروائی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں