قومی سلامتی کمیٹی کا معاشی استحکام کیلیے کیے گئے اقدامات کی حمایت کا اظہار

قومی سلامتی کمیٹی نے ملکی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا

اجلاس میں ایف اے ٹی ایف کے معاملے میں پیش رفت پر بھی جائزہ لیا گیا، ذرائع- فوٹو: پی آئی ڈی

ISLAMABAD:
قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں معاشی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیردفاع پرویز خٹک، وزیرداخلہ اعجاز شاہ، وزیر قانون فروغ نسیم، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف ایئر چیف اسٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور، ڈی جی ملٹری آپریشنز میجر جنرل نعمان زکریا سمیت متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے خطے میں حالیہ واقعات کے بعد جیو اسٹریٹجک ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قومی سلامتی کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔


قومی سلامتی کمیٹی نے ملک کی حالیہ اقتصادی صورتحال پر بھی تبادلہ کیا اور قومی سلامتی کمیٹی نے معاشی استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ قومی سلامتی کمیٹی نے الگ سیشن میں گلگت بلتستان اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان سے متعلق فیصلے کرتے وقت وہاں کے عوام خصوصا نوجوانوں کی رائے کو اہمیت دی جائے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، ملاقات میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 
Load Next Story