بلوچستان لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کے خلاف درخواستیں سماعت کیلئے منظور

چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ،آئی جی پولیس اورڈی جی لیویزکو نوٹسز جاری


ویب ڈیسک May 22, 2019
حکومت بلوچستان نے کوئٹہ، گوادراورلسبیلہ کو اے ایریا قرار دیا تھا فوٹو: فائل

بلوچستان ہائی کورٹ نے 3 اضلاع کو اے ایریا قرار دیتے ہوئے لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کے خلاف دائر آئینی درخواستوں کو سماعت کے لئے منظور کرلیا۔

چیف جسٹس سیدہ طاہرہ صفدراورجسٹس اعجازسواتی پر مشتمل بلوچستان ہائی کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے لیویز فورس گوادر کے نائب رسالدار راز محمد اور عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مہابت کاکا کی جانب سے لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کے خلاف دائر 2 الگ الگ آئینی درخواستوں پر سماعت کی۔

دوران سماعت بنچ نے دونوں درخواستوں کو یکجا کر کے مشترکہ سماعت کے لئے منظور کرلیا۔ عدالت عالیہ نے چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ،آئی جی پولیس اورڈی جی لیویزکو نوٹسز جاری کردئیے۔ کیس کی آئندہ سماعت 28مئی کو ہوگی ۔

واضح رہے کہ حکومت بلوچستان نے کوئٹہ، گوادراورلسبیلہ کو اے ایریا قرار دیتے ہوئے لیویزکو پولیس میں ضم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔