پی آئی اے نے عمرہ پروازوں کے کرائے میں 2 ہزار روپے کا اضافہ کردیا

مسافروں کو 88 ہزار 500 روپے کے بجائے اب 90 ہزار 500 روپے  ادا کرنے پڑیں گے

اضافی پروازوں کے کرایوں میں پہلے بھی 3 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

قومی ائیر لائن پی آئی اے نے عمرہ زائرین کے لئے چلائی جانے والی اضافی پروازوں کے کرائے میں مزید دو ہزار روپے کا اضافہ کر دیا۔

پاکستان میں پورے سال کے علاوہ رمضان المبارک کے بابرکت ماہ میں عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوجاتا ہے جب کہ رمضان کے آخری عشرے میں اس تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے اور دوسری جانب قومی ائیرلائن پی آئی اے کے پاس بکنگ ہی فل ہوچکی ہے۔


عمرہ زائرین کی تعداد میں غیر معمولی اضافے کے پیش نظر پی آئی اے نے لاہور، کراچی اور اسلام آباد سے مزید 5 ، 5 اضافی پروازیں چلانے کا شیڈول جاری کیا تاہم ساتھ ہی پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے کرایوں میں 3 ہزار روپے اضافہ کر دیا گیا اور اب ایک ہفتہ کے بعد اس کرائے میں 2 ہزار روپے کا مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔ عمرہ زائرین کے لئے پہلے کرایہ 85 ہزار 500 سے بڑھ کر 88 ہزار 500 ہوا جو اب بڑھ کر اب 90 ہزار 500 ہوگیا ہے۔

پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق یہ معمول کی بات ہے اور پروازوں کے کرایوں میں کرائے میں بہت ہی معمولی اضافہ کیا گیا ہے کیونکہ عمرہ زائرین کے لئے اضافی پروازیں چلائی جارہی ہیں اور ان پروازوں میں زیادہ تر جہازوں کو خالی ہی واپس آنا ہوگا۔
Load Next Story