حافظ آباد میں مسلم لیگ ن کی ریلی میں اسلحے کی نمائش اور شدید ہوائی فائرنگ
ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے نو منتخب ایم این اے شاہد حسین بھٹی کی جیت کی خوشی میں نکالی جانے والی ریلی میں جدید اسلحے کا کھلم کھلا استعمال کیا گیا اور شدید فائرنگ کی گئی جس کے باعث گردو نواح کے علاقوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
موقع پر موجود پولیس اہلکار اس سارے واقعے کو خاموش تماشائی بن کردیکھتے رہے اور فائرنگ کرنے والے کارکنان میں سے کسی شخص کو بھی گرفتار نہیں کر پائے۔ پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ہم مسلم لیگ ن کے کارکنان کو گرفتار نہیں کر سکتے، ادھرخوشی میں بپھرے ہوئے مسلم لیگ ن کے کارکنان فائرنگ کی فوٹیج بنانے والے ایک کیمرہ مین کو بھی اٹھا کر لے گئے اور اس کا کیمرہ چھین کر اسے ہراساں بھی کیا، تھوڑی دیر بعد کیمرہ مین کو ان کے قبضے سے چھڑا لیا گیا۔