شہری کے قتل میں ملوث رینجرز اہلکار پر فرد جرم عائد

رینجر اہلکار شہزاد نے صحت جرم سے انکار کردیا، سپریم کورٹ کے حکم پر مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا گیا


Staff Reporter August 28, 2013
سماعت کے موقع پر فاضل عدالت نے ملزم پر فرد جرم عائد کی تاہم ملزم نے اپنے جرم سے انکار کردیا ہے. فوٹو: فائل

شہری کے قتل میں ملوث رینجر اہلکار پر فرد جرم عائد کردی گئی جبکہ ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق منگل کو جیل حکام نے مقتول غلام حیدر کے قتل میں قید رینجر اہلکار شہزاد کو پیشی کیلیے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو کے روبرو پیش کیا تھا، سماعت کے موقع پر فاضل عدالت نے ملزم پر فرد جرم عائد کی تاہم ملزم نے اپنے جرم سے انکار کردیا ہے فاضل عدالت نے ملزم کے انکار کرنے پر سمن جاری کرتے ہوئے مدعی مقدمہ عبدالسلام سمیت استغاثہ کے گواہوں کو آج (بدھ کو)عدالت میں طلب کرلیا ہے، استغاثہ کے مطابق 4جون کو مدعی اپنے کزن مقتول غلام حیدر کے ساتھ اسپتال سے علاج کرانے کے بعد گھر آرہا تھا، شاہ فیصل کالونی کے علاقے میں رینجر اہلکاروں کے مطابق انھیں روکنے کی کوشش کی تھی تاہم نہ رکنے پر ملزم نے فائرنگ کرکے مقتول کو ہلاک کردیا تھا۔



مدعی کا کہنا تھا کہ ان کی موٹر سائیکل سوار سے معمولی ٹکر ہوئی تھی تاہم معاملہ رفع دفع ہوگیا تھا بعدازاں رینجر اہلکاروں نے بلاوجہ فائرنگ کرکے اس کے کزن کو ہلاک کردیا تھا، رینجر اہلکاروں کے خلاف تھانہ شاہ فیصل کالونی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، سپریم کورٹ کے حکم پر مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلانے کے احکامات پرعملدرآمد کراتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ حکام نے مقدمے کی تفتیش تھانہ گلشن اقبال کے پولیس افسر طارق علی کے سپرد کی تھی، دوران تفتیش تفتیشی افسر نے حوالدار منگے خان، نائس نائیک لیاقت اور محمد عرس کو بے گناہ قرار دے کر ان کا چالان نہیں کیا جبکہ ملزم شہزاد کے خلاف مقدمے کا چالان کرکے دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جمع کرادیا تھا، چالان میں استغاثہ کے17گواہوں کا اندراج ہے، مقدمہ روزانہ کی بنیاد پر چلایا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں