کراچی سرکلر ریلوے وفاق نہیں سندھ حکومت چلائے گی شیخ رشید

سندھ میں سوائے ایڈزستان کے کچھ بھی نہیں ہورہا ہے، وزیر ریلوے


Staff Reporter May 24, 2019
ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ نواز شریف اور شہباز شریف کی مرون منت ہے، شیخ رشید ۔ فوٹو : فائل

وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے وفاق نہیں سندھ حکومت چلائے گی۔

کراچی ایئرپورٹ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کے سی آر منصوبے سے متعلق اقدامات ہو رہے ہیں کراچی سرکلرریلوے ٹرین سندھ حکومت چلائے گی ہم سندھ حکومت کو سپورٹ کرنا چاہتے ہیں، پی سی ون انہوں نے ہی پاس کروائی ہے، کراچی سرکلر ریلوے اور گرین لائن کے راستے الگ الگ ہیں وفاقی حکومت سے سندھ حکومت نے سرکلرریلوے کے لیے فنڈز منظور کرائے ہیں کراچی سرکلرریلوے کے لیے بیجنگ معاہدے کے بعد ایکنک میں سندھ حکومت نے 260 ارب روپے منظورکرائے ہیں، ہم نے 43 میں سے 34 کلو میٹر ٹریک کلیئر کر دیا ہے، ہم 15 دن میں 43 کلو میٹر کلیئر کر کے ٹریک سندھ حکومت کے حوالے کردیں گے ،یہ 3 سے 4 دن سختی کے دن ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ کسی کے خلاف بولنا اچھا نہیں لگتا، سندھ میں تو کچھ بھی نہیں ہورہا ہے، سوائے ایڈزستان کے، سندھ تو صرف ایڈز چلا رہا ہے اور لاڑکانہ اسکا مین حب ہے، ڈوب مریں ایسے حکمران جو ایڈز پھیلا رہے ہیں، سندھ حکومت کے ساتھ ریل کی حد تک سپورٹ کو تیار ہوں، بلاول ایڈز کے خلاف اشتہار بنائیں میں سپورٹ کروں گا جب کہ سندھ پاکستان کا حصہ ہے یہاں کے سیاستدانوں کے بچوں کے بھی ایڈز ٹیسٹ ہونے چاہیئں۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ ہمیں مسائل جہیز میں ملے ہیں، اس کی سزا ساری قوم کو مل رہی ہے، سندھ بھی پاکستان کا حصہ ہے، غریب کسان کے بیٹے کو بھی سہولتیں ملنی چاہئیں، ڈالر کی قیمتوں میں اضافہ نواز شریف اور شہباز شریف کی مرون منت ہے عمران خان کی حکومت 5 سالہ آئینی مدت پوری کرے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مودی کو جیتنا تھا میں جانتا تھا، یہ واحد سیاستدان ہے جو امریکا کی جیب کی گھڑی بن گیا، بھارت کا فائدہ اسی میں ہے کہ ایک مضبوط پاکستان زندہ رہے، مودی نے کسی مسلمان سے ووٹ مانگا نہ کسی کو ٹکٹ دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔