ایران کی سرکاری رپورٹ میں اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ ملک کی 42 فیصد آبادی غیر قانونی طریقے سے غیر ملکی چینلز دیکھتی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران براڈ کاسٹنگ کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ کے مطابق ملک کی 42 فیصد آبادی ہر روز کم از کم 3گھنٹے وہ غیر ملکی چینلز دیکھتی ہے جن کی نشریات حکومتی سطح پر غیر قانونی قرار دی گئی ہے۔ دیکھے جانے والے چینلز میں میوزک ، فلمی اور نیوز چینلز کی اکثریت ہے تاہم لوگ زیادہ تر فارسی چینلز دیکھنا پسند کرتے ہیں۔
ایرانی حکومت نے غیر ملکی چینلزکو مغربی ثقافت قرار دیتے ہوئے ان کی نشریات دیکھنے پر پابندی عائد کررکھی ہے اور اس سلسلے میں ایران میں سیٹلائٹ ڈشوں کو چھتوں سے ہٹانے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے تاہم ایران کے نو منتخب صدر حسن روحانی نے سیٹلائٹ ڈشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو عوام کی نجی زندگی میں مداخلت کے مترادف قرار دیا ہے ۔