وفاقی حکومت سیاحت کے فروغ کیلیے ٹورازم لائسنس جاری کرے گی

میعاد 5 سال ہو گی، شمالی علاقوں میں ہیلی کاپٹر اور فضائی سروس شروع کرنے کیلیے حکمت عملی بنا لی گئی

مظفر آباد، راولا کوٹ، سیدو شریف، چترال، ڈی آئی خان، پارا چنار ایئرپورٹس فعال کرنے کا فیصلہ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت پہلی بار سیاحتی سروس چلانے کی خواہشمند فرموں آئندہ ماہ سے ٹورازم لائسنس جاری کرنے کا اعلان کرے گی جس کی میعاد 5 سال ہوگی ، شمالی علاقوں میں ملکی وغیرملکی سیاحوں کیلیے ہیلی کاپٹر اور فضائی سروس شروع کرنے کیلیے حکمت عملی مرتب کرلی گئی ، ہیلی کاپٹرسروس لائسنس کے تحت نجی ایئر لائنز کوصرف طے شدہ مقامات تک جانے کی اجازت ہو گی۔


وفاقی حکومت نے ابتدائی طور پر مظفرآباد، راولا کوٹ، سیدوشریف، چترال، ڈی آئی خان اور پارا چنار کے ایئرپورٹس فوری فعال کرنے کا فیصلہ کیاہے اور ایئرپورٹس کی مرمت کیلیے ٹیکنیکل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں تاکہ ان ایئرپورٹس پرآئندہ ماہ سے فلائٹ آپریشن شروع کیا جاسکے، معلوم ہوا ہے کہ سیکریٹری ایوی ایشن اورڈی جی سول ایوی ایشن شاہ رخ نصرت نے ان 6 ایئرپورٹس کو جلد از جلد فعال کرنے کے لیے ہدایات جاری کی تھیں جس کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی کے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ نے ان ایئرپورٹس پر تیزی سے کام شروع کردیا۔

نئی ایوی ایشن پالیسی میں فضائی سفری خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی لائسنس متعارف کرایا گیا ہے جن کی پروازیں مذکورہ ایئرپورٹس پر بھی لینڈ کریں گی کیونکہ ان ایئرپورٹس کے گردونواح میں بہت سے سیاحتی مقامات ہیں۔ فضائی سفری خدمات کا مذکورہ سیاحتی لائسنس ہیلی کاپٹر سروسزکو بھی جاری کیا جائے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ سی اے اے کی جانب سے ڈومیسٹک آپریشنز پر ایئروناٹیکل چارجز ختم کرنے پر غور شروع کردیاگیا ہے ،ایئروناٹیکل چارجز ختم کرنے سے اندرون ملک پروازںکے ٹکٹ کی قیمت بھی کم ہوجائے گی اورعوام کی بڑی تعداد فضائی راستوں سے سیاحتی مقامات پر آنے لگے گی جس سے سیاحت کی صنعت ترقی کرے گی۔ واضح رہے کہ مرمت کیے جانے والے 6 ایئرپورٹس امن وامان کی مخدوش صورتحال اورکاروباری مندی کے باعث گزشتہ کئی برس سے غیر فعال ہیں۔
Load Next Story