ڈینیئل پرل کیس سندھ ہائی کورٹ نے سماعت وکیل کی عدم حاضری کے باعث ملتوی کردی

ہم تو بیٹھے ہی کیس چلانے کے لیے ہیں لیکن وکیل تو پیش ہوں، جسٹس آفتاب احمد گورڑ


ویب ڈیسک May 27, 2019
ہم تو بیٹھے ہی کیس چلانے کے لیے ہیں لیکن وکیل تو پیش ہوں، جسٹس آفتاب احمد گورڑ

سندھ ہائیکورٹ نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے اغوا اور قتل کے مجرم احمد عمر شیخ اور دیگر کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت وکیل صفائی کی عدم حاضری کے باعث ملتوی کردی۔

جسٹس آفتاب احمد گورڑ اور جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے اغوا اور قتل مجرم احمد عمر شیخ اور دیگر کی سزا کیخلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے مجرموں کے وکیل خواجہ نوید احمد کی عدم حاضری پر سماعت 25 جون تک ملتوی کردی۔

مجرم کے بھائی نے بیان میں کہا کہ ہر بار تاریخ مل جاتی ہے، مہربانی کرکے کیس چلایا جائے۔ جسٹس آفتاب احمد گورڑ نے ریماکس دیئے کہ یہ بات اپنے وکیل سے کہیں یا جیل سپرنٹنڈنٹ سے بولیں، ہم تو بیٹھے ہی کیس چلانے کے لیے ہیں، وکیل تو پیش ہوں۔

پولیس کے مطابق ڈینیئل پرل کو 2002 میں کراچی سے اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے احمد عمر شیخ کو سزائے موت سنائی تھی۔ عدالت نے مجرموں فہد نسیم، شیخ عادل اور سلمان ثاقب کو عمر قید کی سزا کا حکم دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں