شیریں جناح کالونی ڈاکوؤں نے2منٹ میں بینک سے47لاکھ روپے لوٹ لیے

6ملزمان نے بینک میں داخل ہوکر عملے اور کھاتے داروں کو یرغمال بنالیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ ہے، پولیس

6ملزمان نے بینک میں داخل ہوکر عملے اور کھاتے داروں کو یرغمال بنالیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ ہے، پولیس : فائل فوٹو

ISLAMABAD:
شیریں جناح کالونی میں ڈاکو 2 منٹ میں دن دہاڑے بینک سے 47 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے ، ڈاکوئوں نے اسلحے کے زور پر سیکیورٹی گارڈ اور عملے سمیت تمام افراد کو یرغمال بنا کر کیش کائونٹر سے رقم لوٹی اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج لے جانے میں ناکام رہے ۔


تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن کے علاقے شیریں جناح کالونی میں ڈاکوئوں نے بینک کا صفایا کردیا ، بوٹ بیسن پولیس کے مطابق شیریںجناح کالونی میں روٹ نمبر 20 کی بس کے اسٹاپ پر واقع یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کی برانچ میں دوپہر 3 بج کر 25 منٹ پر 6 ڈاکو داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر سیکیورٹی گارڈ ، بینک کے عملے اور کھاتے داروں کو یرغمال بنا کر کیش کائونٹر پر رکھی رقم لوٹ کر با آسانی 3 بج کر 27 منٹ پر بینک سے فرار ہوگئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ ہے جسے ڈاکو لے جانے میں ناکام رہے ، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ڈاکوئوں کی شناخت کی جارہی ہے ،

پولیس کے مطابق واردات میں ڈاکو 47 لاکھ 11 ہزار 900 روپے لوٹ کر فرار ہوئے ، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ، ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ عموماً بینک کے کیش کائونٹر پر اتنی بڑی رقم موجود نہیں ہوتی، واردات سے کچھ دیر قبل ہی بینک میں 25 لاکھ روپے جمع کرائے گئے تھے جبکہ کچھ رقم پہلے سے ہی بینک میں موجود تھی ، ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بینک ڈکیتی میں بینک کے عملے کا ہی کوئی رکن ملوث ہوسکتا ہے جس نے اتنی بڑی رقم کے بارے میں ڈاکوئوں کو آگا کیا ہو تاہم پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔
Load Next Story