شاہراہ پاکستان پر4فلائی اوورز کی تعمیر شروع نہ کی جا سکی

بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ ان منصوبوں پر کام شروع کرانے میں قطعی طور پر ناکام، صورتحال کا سنجیدہ نوٹس نہیں لیا جارہا


Staff Reporter August 28, 2012
بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ ان منصوبوں پر کام شروع کرانے میں قطعی طور پر ناکام، صورتحال کا سنجیدہ نوٹس نہیں لیا جارہا۔ فوٹو فائل

بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ چار ماہ گزر جانے کے باوجود شاہراہ پاکستان پر چار فلائی اوورز میں سے کسی ایک منصوبے پربھی کام کا آغاز کرانے میں ناکام رہی ہے جس کے باعث انتہائی اہم نوعیت کے منصوبے تاخیر کا شکار ہورہے ہیں مگر کسی سطح پر سے اس کا سنجیدہ نوٹس نہیں لیا جارہا تفصیلات کے مطابق ماہ اپریل میں بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ انجینئرنگ کے تحت شاہراہ پاکستان پر واٹرپمپ ، عائشہ منزل ڈاکخانہ اور تین ہٹی کے مقام پر فلائی اوورز کی تعمیر کے لیے چار ٹینڈر ہوئے تھے اور ان منصوبوں کی ٹینڈرنگ کے عمل کو چار ماہ ہوچکے ہیں تاہم بلدیہ عظمیٰ کی انتظامیہ ان منصوبوں پر کام شروع کرانے میں قطعی طور پر ناکام ہوچکی ہے اور یہ منصوبے شروع ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔

اس بارے میں بھی ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا، بلدیہ عظمیٰ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک وقت تھا جب کراچی میں 4ماہ کے عرصے میں فلائی اوور اور انڈر پاس بن جایا کرتے تھے اور اب ٹینڈر ہونے کے چار ماہ گزرجانے کے باوجود منصوبے کاغذ سے باہر نہیں آسکے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے بلدیہ عظمیٰ کے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کی شہر میں ترقیاتی سرگرمیوں میں دلچسپی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس محکمے کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے منصوبے کے ٹینڈرنگ کے بعد ویٹنگ کنسلٹنٹ کا تقرر کیا گیا ہے، منصوبے کے ٹینڈر میں کامیاب ہونے والے ٹھیکیدار افسران اور کنسلٹنٹ کی مدد سے منصوبے کے ڈیزائن کو تبدیل کرانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جس کے باعث یہ منصوبے تاخیر کا شکار ہورہے ہیں۔

تاہم بلدیہ عظمیٰ کے افسران کو اس بات سے کوئی تعلق نہیں کہ منصوبے میں جتنی تاخیر ہو ان کا ''مفاد'' تو دوسرے معاملات میں زیادہ ہے، کراچی کے شہریوں نے کراچی کے منتخب نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کم ازکم وہی اس معاملے کا نوٹس لے لیں ان کے اپنے شہر کے ترقیاتی منصوبے کیوں تاخیر کا شکار ہورہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں