ڈنگی کے خاتمے کیلیے جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز

ایم پی اے عدنان احمد نے ضلع شرقی اور کامران اختر نے ضلع غربی میں اسپرے مہم کا افتتاح کیا۔


Staff Reporter August 29, 2013
شہر میں اسپرے مہم کے آغاز پر مزار قائد کے سامنے بلدیہ عظمیٰ کی اسپرے کرنے والی گاڑیاں کھڑی ہیں (فوٹو ایکسپریس)

حق پرست رکن صوبائی اسمبلی عدنان احمد نے ایڈمنسٹریٹر ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن شرقی منظور عباسی کے ہمراہ صفائی مہم کے دوران یوسی9 میں ڈنگی وائرس، مچھروں اور دیگر حشرات الارض کے خاتمے کے لیے جراثیم کش ادویات کی اسپرے مہم کا افتتاح کیا۔

اس مہم میں روزانہ بالترتیب گلشن زون کی مختلف یوسیز میں ادویات کا اسپرے اور چونے کا چھڑکاؤ کیا جائے گا، ایم پی اے عدنان احمد نے ہدایت کی کہ اسپرے کی گاڑیاںاپنے مطلوبہ وقت پر کام کا آغاز کریں، واضح رہے کہ صفائی مہم کے دوران تقریباً 400 ٹن کچرا اٹھا لیا گیا ہے، مزید براں عدنان احمد نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے مختلف پارکوں کے دورے کے دوران کہا کہ پارکس عوام کیلیے سستی تفریح اور صحت مند ماحول کی علامت ہیں لہٰذا پارکوں کو اچھی حالت میں رکھا جائے۔

رکن سندھ اسمبلی کامران اختر نے ایڈمنسٹریٹر ضلع غربی عمران اسلم کے ہمراہ بلدیہ زون میں ڈنگی وائرس، مچھروں اور دیگر حشرات الارض کے خاتمہ کیلیے اسپرے مہم کا افتتاح کیا، اس موقع پررکن اسمبلی نے کہا کہ بلدیہ زون کی حدود میں موجود تمام مساجد، امام بارگاہوں، اسکولوں، کالجوں، اسپتالوں، مارکیٹوں اور گلی کوچوں میں اسپرے کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔



انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں موجود صاف پانی کو ڈھانپ کر رکھیں، دریں اثنا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی منظور عباسی کی ہدایت پر میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کمال مصطفی نے جمشید زون کے ڈرائیور شیر بابو کو معطل کردیا، جمشید زون نے ای بی ایم کازوے سے منسلک جگہ پر اپنا گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن بنایا تھا جہاں پر کچرا جمع ہوتا ہے، بعد از اں اسے لینڈ فل سائٹ پر پہنچایا جاتا ہے، گزشتہ روز نوٹس میں آیا کہ ڈرائیور کوڑا مرکزی روڈ پر پھینک رہے ہیں۔

لہٰذا ایڈمنسٹریٹر کی ہدایت پر میونسپل کمشنر نے ڈرائیور کومعطل کر دیا اور ڈائریکٹر ہیلتھ اینڈ سروسز اقبال احمد کو ہدایت کی کہ آئندہ اس طرح کی غفلت نہ برتی جائے، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر غلام رسول نے ڈگری کالج گرین بیلٹ کے دورے کے موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ گرین بیلٹ پارک اور سینٹرل آئی لینڈز کی دیکھ بھال کیلیے افرادی قوت کا بھرپور استعمال کیا جائے جبکہ گرین بیلٹ پر لگے پودوں کی خوبصورت انداز میں کٹائی کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |