ٹی 20 انٹرنیشنل سارہ نے انگلینڈ کیلیے نئی تاریخ رقم کردی

77 رنزکی بہترین انفرادی اننگز، آسٹریلیا کو 15 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا


Sports Desk August 29, 2013
سارہ نے مختصر فارمیٹ میں ملک کی جانب سے 77رنز کی بہترین انفرادی اننگزکھیلی. فوٹو؛ فائل

سارہ ٹیلر نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں انگلینڈ کیلیے نئی تاریخ رقم کردی۔

انھوں نے مختصر فارمیٹ میں ملک کی جانب سے 77رنز کی بہترین انفرادی اننگزکھیلی، میزبان نے ایشز ٹور کے پہلے ٹی 20 میں آسٹریلیا کو 15رنز سے مات دے کر ناقابل شکست برتری حاصل کرلی، باقی 2میں سے ایک میچ میں کامیابی اسے سیریز کا فاتح بنا سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انگلش ٹیم سیریز میں لگاتار تیسری کامیابی کی بدولت 8 پوائنٹس سے پوزیشن مضبوط بنا چکی ہے، آسٹریلوی سائیڈ اب تک ڈرا ٹیسٹ اور پہلا ون ڈے جیتنے پر محض4 پوائنٹس لے پائی، ٹور کے باقی2ٹی20 میچز میں کامیابی کی صورت میں بھی وہ صرف سیریز ہی برابر کرپائے گی، پہلے ٹی 20 میں ٹاس جیتنے والی میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4وکٹ پر 146رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔



سارہ ٹیلر نے مختصر فارمیٹ میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ 77رنز بناکر تاریخ رقم کی، ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل رہے، اس سے قبل بھی بہترین انگلش انفرادی اسکور 73رنز بھی سارہ کے نام تھا، ڈینیلی ویاٹ نے 28 رنز بنانے کے لیے 36 گیندوں کا سامنا کیا، سارہ کوئٹے، جولی ہنٹر اور ایرن اوبورن نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی، فتح کے لیے 147رنز کا ہدف پانے والی آسٹریلوی ٹیم کی جوابی اننگز کا آغاز تباہ کن رہا، 10 کے مجموعے پر اوپنرز الیسا ہیلی (6) اور میگ لیننگ(2) نے پویلین واپسی اختیارکرلی، کپتان جوڈی فیلڈ بھی وکٹ پر زیادہ دیر قیام نہیں کرپائیں۔

انھوں نے 7 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 6رنز بنائے، جیس کیمرون نے 35رنز کی اننگز سے ٹیم کو سنبھالادیا، الیکس بلیک ویل (20) کے ہمراہ انھوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 44رنز کی شراکت بنائی، یوں مجموعہ 71 تک پہنچا لیکن اس اسکور پر کیمرون کی ہمت جواب دے گئی، الیسی پیری اور راشیل ہینز نے ہدف تک رسائی کی کوشش جاری رکھی لیکن وہ اس میں ناکام رہیں، پیری30 اور ہینز25رنز پر ناٹ آئوٹ رہیں، ٹیم نے مقررہ اوورز کے اختتام تک 5وکٹ پر 131رنز اسکور کیے، جینی گن نے 2 پلیئرز کو آئوٹ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں