بھارتی باکسرز کو ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کی اجازت

ایونٹ الماتے میں 11 سے 27 اکتوبر تک ہو گا، فیڈریشن سے انتخابات کرانے کا مطالبہ


Sports Desk August 29, 2013
بھارتی باکسرز آئندہ کسی بھی مقابلے میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن نے بھارتی باکسرز کو ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کی اجازت دے دی۔

اسی کے ساتھ آئی بی ایف سے دوبارہ انتخابات کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے،ایونٹ الماتے میں11 سے27اکتوبر تک منعقد ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی باکسرز کی ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت پر موجود خدشات ختم ہو گئے، ورلڈ باڈی نے اجازت دیتے ہوئے یہ بھی فیصلہ کیاکہ انڈین باکسنگ فیڈریشن کی جانب سے نومبر میں دوبارہ انتخابات نہ ہونے کی صورت میں وہ آئندہ کسی بھی مقابلے میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ اے آئی بی اے نے گذشتہ برس آئی بی ایف کو2 اہم وجوہات پر معطل کیا تھا، پہلا آئی او سی کی جانب سے بھارت کی معطلی اور دوسرا آئی بی ایف انتخابات میں دھاندلی۔

بھارتی باکسرز کو اے آئی بی اے جھنڈے تلے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی اجازت ہے لیکن آفیشلز کسی بھی ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکتے ہیں۔ ورلڈ چیمپئن شپ قازقستان کے دارلحکومت الماتے میں 11 سے 27 اکتوبر تک منعقد ہورہی ہے، ٹیم کے انتخاب کیلیے منسوخ ہونے والے ٹرائلز نئی دہلی میں دوبارہ شروع ہوچکے ہیں۔ اے آئی بی اے کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر سیبستائن گلوٹ کا کہنا ہے کہ آئی بی ایف پر ورلڈ چیمپئن شپ کے بعد دباؤ ڈالنے کا فیصلہ عالمی باڈی کے گذشتہ اجلاس میں کیا گیا۔



انھوں نے کہا کہ کوریا کے جیجو آئی لینڈ میں16 سے 18جولائی تک ہونے والے اجلاس میں اے آئی بی اے ایگزیکٹیو کمیٹی نے اے آئی بی اے کے قوانین، انتخابی اصولوں اور ایک الیکشن ریٹرننگ آفیسر کی موجودگی میں بھارت سے4 نومبر تک انتخابات کرانے کیلیے کہا تھا، جب تک اس پر عملدرآمد نہیں ہوتا آئی بی ایف پر پابندی برقرار رہے گی۔

انھوں نے مزید کہاکہ اجلاس کے بعد تمام ممبرشپ حقوق بشمول بھارتی باکسرز اور کوچز کی اے آئی بی اے مقابلوں میں شرکت پر پابندی لگ جائے گی،گلوٹ کا کہنا ہے کہ اے آئی بی اے نے حال ہی میں قانون کو دوبارہ مرتب کرکے آئی بی ایف کو تاثرات اور رضامندی دینے کیلیے کہا،اب تک آئی بی ایف کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ اے آئی بی اے ایگزیکٹیو کمیٹی انڈین فیڈریشن کو اس مسئلے کے حل کا موقع دے رہی ہے، ہمیںامید ہے کہ آئی بی ایف ہم سے تعاون اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے فیصلے پر عملدرآمد کریگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں