پشاور میں ماں بیٹے کو بچاتے ہوئے ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق

ماں خریداری کررہی تھی کہ کمسن بچہ ریل کی آواز سن کر اس کی طرف بھاگا جسے بچاتے ہوئے ماں زد میں آگئی

ماں خریداری کررہی تھی کہ کمسن بچہ ریل کی آواز سن کر اس کی طرف بھاگا جسے بچاتے ہوئے ماں زد میں آگئی (فوٹو: فائل)

پشاور میں ہشت نگری ریلوے پھاٹک پر ماں اپنے لخت جگر کو بچاتے ہوئے ریل گاڑی کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئی۔

فیصل کالونی کے رہائشی صدارت خان کا کمسن بیٹا اپنی والدہ کے ہمراہ خریداری کے لیے ہشت نگری گیا تھا، صدارت خان کی اہلیہ خریداری میں مصروف تھی کہ اس دوران ریل گاڑی کی آواز سن کر اُس کا کمسن بچہ ریلوے ٹریک کی جانب بھاگا۔

والدہ خوف کے عالم اُس کے پیچھے بھاگی اور اُسے ٹریک سے کھینچنے کے دوران خود ٹرین کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی اور مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔


صوبائی دارالحکومت پشاور میں ریلوے ٹریک کے قریب قائم تجاوزات حادثات کا باعث بن رہے ہیں اور گزشتہ چند ماہ کے دوران 18 افراد ریل گاڑیوں کی زد میں آکر جان کی بازی ہار چکے ہیں تاہم تاحال اس کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔



عید الفطر کی آمد کے سلسلے میں ہشت نگری ریلوے پھاٹک میں خواتین بازار سج گیا ہے، خواتین کی بڑی تعداد بچوں کے ہمراہ خریداری کے لیے ہشت نگری ریلوے پھاٹک کا رخ کر رہی ہیں جہاں مزید بچے اور خواتین حادثات کا شکار ہو سکتی ہیں جبکہ ان بازاروں کی سیکیورٹی کے لیے بھی مناسب انتظامات نہیں کیے گئے۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اپنی سفارشات میں ریلوے پولیس کو فوری طور پر تجاوزات ختم کرنے اور سیکیورٹی کے مناسب انتظامات کی سفارش کی ہے۔
Load Next Story