شام کے خلاف کارروائی ہوئی تو سعودی عرب پر حملہ کر دیں گے روسی صدر

روسی صدر نےفوج کو ’’ارجنٹ ایکشن میمورنڈم‘‘ جاری کیا ہےجس کے تحت شام پرحملے کی صورت میں سعودی عرب پرحملے کا حکم دیا گیا


News Agencies August 29, 2013
شام میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال سرکاری فوج نے نہیں بلکہ باغیوں نے کیا۔،روسی صدر فوٹو: اے ایف پی

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے روسی فوج کو شام پر مغربی ملکوں کے حملے کی صورت میں سعودی عرب پر حملہ کرنیکا حکم دے دیا، سعودی عرب پر حملے کے حوالے سے روسی فوج کو '' ارجنٹ ایکشن میمورنڈم '' جاری کر دیا گیا۔

کریملن کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ روسی صدر نے فوج کو ''ارجنٹ ایکشن میمورنڈم'' جاری کیا ہے جس کے تحت شام پر حملے کی صورت میں سعودی عرب پر حملے کا حکم دیا گیا ہے۔ روس نے ایک بار پھر اپنے بیان کو دہراتے ہوئے کہا کہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال سرکاری فوج نے نہیں بلکہ باغیوں نے کیا۔ شام کیلیے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب اخضر براہیمی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں لاوروف نے کہا امریکا شام میں فوجی مداخلت سے باز رہے۔ دوسری جانب امریکا نے شام کے خلاف فوجی کارروائی کیلیے تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے، امریکا کا چوتھا بحری بیڑا خطے میں پہنچ چکا ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما نے برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کو ٹیلی فون کرکے شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ۔



برطانیہ سلامتی کونسل میں شام کیخلاف مذمتی قرارداد آج پیش کریگا۔ ادھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کی منظوری کے بغیر حملے کی اجازت نہیں دینگے۔ دریں اثنا شام میں باغیوں نے شمالی علاقے کے اہم شہروں پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔یورپی سفارتکاروں نے شامی اپوزیشن کو پیغام بھیجا ہے کہ مغربی اتحادی آئندہ چند روز میں شام کے خلاف فوجی کاروائی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ہیگ میں خطاب کرتے ہوئے بان کی مون نے کہا ہمیں شام کے تنازع کے پرامن حل کیلیے تمام فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلیے کوششیں کرنا ہونگی۔ اگر سلامتی کونسل کے تمام رکن متحد ہو جائیں تو امن کیلیے اپنی اتھارٹی ضرور استعمال کرینگے۔ شام میں باغیوں نے سرکاری فوج سے جھڑپوں کے بعد شمالی علاقے کے اہم شہروں پر قبضہ کرلیا ہے، لڑائی کے دوران50 فوجی ہلاک ہوگئے۔

حمص، حمہ اور دمشق کے قصبوں میں بھی جھڑپیں ہوئیں۔ اقوام متحدہ کے انسپکٹرز شام کے ان علاقوں کے معائنہ کیلئے روانہ ہو گئے ہیں جہاں مبینہ طور پر حکومت پر مخالفین پر کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال کے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں۔ شام کے وزیراعظم وائل الحلقی نے کہا کہ اگر حملہ ہوا تو شام حملہ آوروں کا قبرستان بن جائیگا۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے شام میں فوجی مداخلت کی تو خطہ تباہی کا ڈھیر بن جائے گا۔ فرانس کے صدر فرانسوا اولاندے نے اقوام متحدہ کے زیر اہتمام شام کے خلاف فوجی حملے کی حمایت کر دی۔ نیٹو کے سربراہ آندرے فوگ راسموسن نے کہا کہ کیمائی ہتھیاروں کے استعمال پر شام کو جواب دینا ہوگا۔ ممکنہ امریکی حملے کے پیش نظر عراق نے اپنی سیکیورٹی فورسز کو الرٹ کر دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں