عمران خان ریاست کو اپنے مخالفین کیخلاف استعمال کر رہے ہیں بلاول بھٹو

علی وزیر کا پروڈکشن آرڈر جاری کرکے انہیں اسمبلی میں اپنا موقف بیان کرنے دیا جائے، چیئرمین پی پی پی

خان صاحب ملک کے ہر ادارے پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، چیئرمین پی پی پی فوٹو:فائل

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ریاست کو اپنے مخالفین کیخلاف استعمال کر رہے ہیں۔

زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے نیب میں پیشی کے موقع پر پی پی پی کارکنوں پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرتے، اعجاز شاہ کا پرانہ طریقہ کار ہمیں نظر آرہا ہے۔

سلیکٹڈ حکومت منظور نہیں

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کے ہر ادارے پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، وہ کسی قسم کی تنقید برداشت نہیں کر رہے، یہ نااہل اور نالائق وزیراعظم ہے جس سے حکومت نہیں چل رہی، اپنی نااہلی کو چھپانے کیلئے سازشیں کی جا رہی ہیں، حکومت نیب سے شروع ہوکر نیب پر ختم ہوتی ہے، نیب اور ایف آئی اے کے سیاسی استعمال سے خوف پھیلتا ہے، عمران خان اپنے مخالفین کے خلاف ریاست کو استعمال کر رہا ہے، ہمیں سلیکٹڈ حکومت نامنظور ہے۔

چیرمین نیب ویڈیو اسکینڈل، دال میں کچھ کالا ہے


پی پی پی رہنما نے کہا کہ نیب کو مشرف نے بنایا، یہ کالا قانون ہے جسے سیاسی انتقام کیلئے بنایا گیا، چیرمین نیب ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات ہونی چاہئیں کیونکہ دال میں کچھ کالا ہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی کے چینلز سے یہ خبر نشر ہوئی ہے۔

پہلے بنگلہ دیش بنا اب نہ جانے کتنے دیش بنیں گے

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیرستان واقعے میں دوسرے فریق کا موقف سامنے نہیں آرہا، رکن قومی اسمبلی علی وزیر کا پروڈکشن آرڈر فی الفور جاری کیا جائے تاکہ وہ اپنا موقف بیان کرسکیں، لوگوں کو پتہ چلے کہ جنوبی وزیرستان میں کیا ہورہا ہے، اس واقعے پر وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور وزیر دفاع کیوں غائب ہیں، جب ہم نے ون یونٹ پر سمجھوتہ کیا تو ملک ٹوٹا اور بنگلہ دیش بنا، آج عوام سوچ رہے ہیں کہ پہلے بنگلہ دیش بنا تھا اب نہ جانے کتنے دیش بنیں گے۔

عید کے بعد سڑکوں پر

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی عید کے بعد سڑکوں پر نکلے گی اور احتجاجی تحریک شروع کرے گی، جمہوری سیاستدان اور جمہوری سیاسی جماعت پر فرض ہے کہ باہر نکلیں، حکومت کو گرانے کیلئے نہیں نکل رہے کیونکہ وہ تو خود گر رہی ہے۔
Load Next Story