عید الفطر پر ریلیز ہونے والی ٹیلی فلمز

شائقین کی خواہش کے پیش نظرعید الفطر کے موقع پر ٹیلی فلمز ریلیز ہونے جارہی ہیں


ویب ڈیسک May 29, 2019
شائقین کی خواہش کے پیش نظرعید الفطر کے موقع پر ٹیلی فلمز ریلیز ہونے جارہی ہیں (فوٹو: فائل)

عید الفطر کے موقع پر نئی فلموں کے ساتھ ساتھ کچھ نئی ٹیلی فلمز بھی ریلیز ہونے جارہی ہیں۔

عید کی آمد آمد ہے اس بڑے تہوار کے موقع پر جہاں بہت سے لوگ ایک دوسرے کے گھر جا کر عید کا مزہ دوبالا کرتے ہیں وہیں بہت سے لوگ عید کو یادگار بنانے کے لیے سیر و تفریح کو ترجیح دیتے ہیں لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو اس دن بھی اپنے پسندیدہ اداکاروں کی نئی فلمز، ڈراموں اور ٹیلی فلمز کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔

شائقین کی خواہش کے پیش نظر اس عید پر جہاں کئی فلمیں ریلیز ہونے جارہی ہیں وہیں کچھ ٹیلی فلمز بھی ریلیز ہورہی ہیں جوکہ شائقین کو یہ عید یادگار بنانے میں سنگ میل ثابت ہوں گی۔

ہیلپ می دردانہ



ٹیلی فلم 'ہیلپ می دردانہ' میں مشہور کامیڈین یاسر حسین لڑکا اور عورت کا دہرا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ابتدا میں یاسر حسین کی تصویر سامنے آنے کے بعد یہ کہا جارہا تھا کہ اداکار کسی خواجہ سرا کا کردار ادا کر رہے ہیں لیکن بعد ازاں اداکار کی جانب سے یہ بات واضح کی گئی کہ وہ کسی خواجہ سرا کا نہیں بلکہ ڈرامے میں والدہ کا تعارف کرنے کے لیے خود عورت بن جاتے ہیں۔ ڈرامے کو معروف اداکار فہد مصطفیٰ پروڈیوس کر رہے ہیں۔

دل تو بچہ ہے جی



ان دنوں ڈرامہ ' دو بول' میں حقیقی اداکاری کی وجہ سے لاکھوں دلوں میں گھر کر جانے والی اداکارہ ہیرا مانی اس عید پر بھی اپنے شوہر سلمان ثاقب عرف مانی کے ہمراہ اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔

فن سے بھرپور اس ٹیلی فلم میں بہروز سبزواری، محمود اسلم اور اسما عباس بھی نظر آئیں گی۔ ڈرامہ میں ہیرا ' شبانہ' کا کردار ادا کر رہی ہیں جو کہ ایک ہی وقت میں دو لوگوں کے ساتھ دھوکا دہی کرتی ہیں۔


نہ جھانکی نہ تاکی



نادیہ خان کی طنز و مزاح سے بھرپور ٹیلی فلم 'نہ جھانکی نہ تاکی' میں حنا دلپذیر، اظفر رحمان اور آمنہ الیاس بھی مرکزی کردار میں نظر آئیں گی، ٹیلی فلم کی کہانی وٹہ سٹہ پر مبنی ہے جس میں نادیہ خان شادی شدہ خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ حنا دلپذیر اُن کی ساس کے کردار میں نظر آئیں گی۔

پنکی کا دلہا


کامیڈی سے بھرپور ٹیلی فلم 'پنکی کا دلہا' میں منیب بٹ، خالد انعم ، ساجد حسن، ثمن انصاری اور حسن احمد بھی نظر آئیں گے جس میں ہدایت کاری اور پروڈیوسر کے فرائض اینجلین ملک نے انجام دیئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔