وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کا ایئرپورٹ پر اضافی سامان ضبط ہونے لگا

کسٹم کا عملہ وطن واپسی پر اووسیز پاکستانیوں سے ڈیوٹی وصولی کے بجائے ان کا اضافی سامان ضبط کررہا ہے


Staff Reporter May 29, 2019
کسٹم کا عملہ وطن واپسی پر اووسیز پاکستانیوں سے ڈیوٹی وصولی کے بجائے ان کا اضافی سامان ضبط کررہا ہے (فوٹو: فائل)

عید کے موقع پر بیرون ملک سے وطن آنے والے پاکستانیوں کو جناح ٹرمینل پر کسٹم عملے کے ناروا سلوک کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور عملے نے ڈیوٹی وصول کرنے کے بجائے سامان ضبط کرنا شروع کردیا۔

ایکسپریس کے مطابق جناح ٹرمینل پر عیدالفطر کے موقع پر پاکستان آنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو وطن واپسی پر مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ کسٹم کے ائیرپورٹ پر تعینات عملے نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو تنگ کرنا شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیکنگ کے نام پر مسافروں کے سامان سے مختلف اشیا نکالنے کے واقعات بھی رپورٹ ہورہے ہیں جبکہ بین الاقوامی آمد پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو کسٹم کا عملہ لمبی قطاریں لگوا کر چیک کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب، دبئی، مسقط سے آنے والے مسافروں کو سب سے زیادہ پریشانی کا سامنا ہے، اس تناظر میں کسٹم کے عملے اور مسافروں کے درمیان تلخ کلامی کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔

مسافروں نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے سامان سے نہ صرف بچوں کی چاکلیٹ اور دیگر گھریلو اشیا کو نکالا جارہا ہے بلکہ ہینڈ بیگ میں لائی جانے والی تازہ سبزیوں تک کو ضبط کیا جارہا ہے،مسافروں کے مطابق سامان پر جو ٹیکس بنتا ہے وہ وصول کیا جائے مگر اشیا کو ضبط کرنا کہاں کا انصاف ہے؟

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔