لاڑکانہ میں HIV بلاول بھٹو محکمہ صحت کے افسران پر برہم

دورہ لاڑکانہ پر جونیئر افسر نے بریفنگ دی تھی، عذرا پیچوہوکا ازخود وزارت سے علیحدگی کا فیصلہ


Tufail Ahmed May 30, 2019
عذرا پیچوہوطویل رخصت پر امریکا جا رہی ہیں، ذرائع، امتیاز شیخ کو قلمدان دیے جانیکا امکان فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے ہوم گرائونڈلاڑکانہ میں وبا کی صورت میں ایچ آئی وی ایڈز پھیلنے کے سبب پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سندھ حکومت کا فیلیئر(ناکامی) قراردیا اوروزیر اعلی سندھ پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے محکمہ صحت کے اعلی افسران کی بڑے پیمانے پرتبدیلی کی بھی ہدایت دی۔

بلاول بھٹو نے ان کے آبائی حلقے لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کی وبا پھیلنے پروزیر اعلیٰ سندھ سے شدید ناراضگی اوربرہمی کااظہار کیا اور فوری طورپر محکمہ صحت میں تبدیلیوں کی بھی ہدایت کی۔ محکمہ صحت میں وزیرصحت اورسیکریٹری کی چپلقش کی وجہ سے محکمے کے انتظامی امور درہم برہم ہونے کا بھی نوٹس لیا۔

لاڑکانہ میں بلاول بھٹوکے دورے کے موقع پر ایچ آئی وی وبا پھلینے کے حوالے سے غیر معمولی اجلاس طلب کیاتھا جس میں سیکریٹری صحت نے شرکت نہیںکی اوربلاول بھٹوکو گریڈ 19کے ایڈیشنل سیکریٹری نے بریفنگ دی تھی جس پر بلاول بھٹو شدید ناراض ہوگئے تھے اور انھوں نے وزیر اعلی سندھ کو محکمہ صحت کی غفلت ولاپرواہی سے آگاہ کیااورمحکمے کی کارکردگی پر اپنے تحفظات کا اظہار بھی کیا۔

محکمہ میں تبدیلی کا عندیہ بھی دیا جس کے بعدآج (بدھ) کوحکومت سندھ نے عمرے کی ادائیگی پر رخصت لے کر جانے والے سیکریٹری صحت ڈاکٹر سعید اعوان کا چارچ اچانک سعید منگینجو کو دیدیا جس کے احکامات بھی جاری کردیے گئے، بلاول بھٹو کی محکمہ صحت پر شدید برہمی کی وجہ سے وزیر صحت عذرا پیچونے بھی اپنی وزارت سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا۔

معلوم ہوا ہے کہ بلاول بھٹو کی پھوپھی ڈاکٹرعذراپیچو نے وزارت کاقلمدان چھوڑنے کااصولی فیصلہ کرلیاہے اور وہ طویل رخصت پرامریکاروانہ ہورہی ہیں۔

''ایکسپریس''کوحکومت سندھ کے انتہائی معتبرذرائع سے معلوم ہواہے کہ ڈاکٹرعذرافضل پیچوہونے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو اپنی وزارت سے علیحدگی اختیارکرنے کے ارادے اورامریکاروانگی سے آگاہ کردیاہے۔

بتایاجارہاہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اورڈاکٹرعذرافضل پیچوہوکے مابین اختلافات کی نوعیت اس وقت شدید ہوگئی جب بلاول بھٹوزرداری کے دورے لاڑکانہ کے موقع پرسیکریٹری صحت کے بجائے گریڈ19کے ایک افسرسے انھیں ایڈزکی صورتحال پربریفنگ دلائی گئی۔

بتایاجارہاہے کہ وزیرصحت اور سیکریٹری صحت کے مابین کچھ عرصے سے جاری اختلاف کے سبب سیکریٹری صحت اس دورے پرموجودرہنے کے بجائے چھٹیاں لے کرعمرے پر چلے گئے۔

ذرائع کے مطابق لاڑکانہ کے دورے کے موقع پراوربعدازاں وزیراعلیٰ سندھ سے گفتگومیں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے ان سے استفسارکیاکہ لاڑکانہ میں ایچ آئی وی ایڈزکی وبا کا ذمے دارکون ہے، میرے آباؤاجدادکے شہر میں ایچ آئی وی وبائی صورت اختیارکررہا ہے، میرے حلقے کے ووٹرز ایچ آئی وی میں مبتلا ہورہے ہیں،لاڑکانہ میں ایچ آئی وی کی وجہ سے پاکستان پیپلزپارٹی کو شدید عالمی دباوکا بھی سامنا ہے، محکمہ صحت نے اس خوفناک وائرس سے بچاوکیلیے کیا اقدامات کیے۔

بلاول بھٹوزرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ سے یہ بھی دریافت کیاکہ ''میرے دورہ لاڑکانہ کے موقع پر سیکریٹری صحت کہاں تھے جب یہ دورہ پہلے سے طے شدہ تھاتووہ کیوں موجود نہیں تھے اورانھیں ایک جوئینر افسر سے ایچ آئی وی پر بریفنگ کرائی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے وزیر اعلی سندھ سے محکمہ صحت کی ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کااظہار کیا بلاول بھٹو زرداری کے دورہ لاڑکانہ کے موقع پر موجودذرائع نے بتایاکہ بلاول بھٹوکی جانب سے ان پے درپے سوالات پر وزیر صحت عذرا پیچوہو ناراض ہوگئی اوراب انھوں نے بحیثیت وزیرصحت مزیدکام جاری نہ رکھنے اور شکاگو میں مقیم اپنے شوہرفضل اللہ پیچوہوکے پاس جانے کا فیصلہ کیاہے۔

واضح رہے کہ فضل اللہ پیچوہوگزشتہ سال دسمبر میں سیکریٹری صحت کے عہدے سے ریٹائرہوکرامریکا منتقل ہوگئے ہیں، ذرائع کاکہناہے کہ وزیر صحت بھی آئندہ چند روز میں طویل رخصت پر امریکا روانہ ہوجائیںگی جبکہ سندھ میں وزیرصحت کا قلمدان امتیازشیخ کودیے جانے کاامکان ہے۔

دوسری جانب حکومت سندھ نے بلاول بھٹوزردارکی جانب سے محکمہ صحت کے افسران سے اظہارناراضگی کے بعد سیکریٹری صحت ڈاکٹر سعید اعوان کی جگہ بدھ کو سعید منگنیجوکو سیکریٹری صحت کا اضافی چارچ دیدیا جبکہ سندھ ایڈزکنٹرول پروگرام کے انتظامی ڈھانچے میں بھی تبدیلی کا عندیہ دیاگیا ہے جب کہ لاڑکانہ میں بدھ تک 700سے زائد افراد میں ایچ آئی وی پازٹیو میں تصدیق ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں