کراچی کے حالات پرایم کیو ایم کےخدشات دور کئے جائیں گے وفاقی وزیر داخلہ کی یقین دہانی

امن کی بحالی کے لئے عدلیہ کو حکومتی اقدامات کی حمایت کرنا ہوگی، چوہدری نثار علی خان


ویب ڈیسک August 29, 2013
کراچی سمیت ملک کے کسی بھی حصے میں قومی اتفاق رائے کے بغیر فوج نہیں بلائی جاسکتی، چوہدری نثار فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کراچی کے حالات پر ایم کیو ایم کے خدشات دور کرانے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کسی سے ناانصافی نہیں ہوگی لیکن عدلیہ کو حکومتی اقدامات کی حمایت کرنا ہوگی۔

قومی اسمبلی میں مختلف سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدی نثار علی خان نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ وہ آئندہ منگل کو کراچی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت ملک کے کسی بھی حصے میں قومی اتفاق رائے کے بغیر فوج نہیں بلائی جاسکتی، وہ سمجھتے ہیں کہ کراچی میں فوج کی تعیناتی سندھ حکومت کے مینڈیٹ کی نفی اور فوج کے ساتھ بھی زیادتی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حالات کی بہتری کے لئے منصوبہ بندی کرلی گئی ہے تاہم اس کی سربراہ وزیر اعلیٰ سندھ ہی ہوں گے،شہر میں امن کی بحالی کے لئے مخصوص مقامات پر ٹارگٹڈ آپریشن ہوگا جس سے پورا شہر متاثر نہیں ہوگا وہ یقین دلاتے ہیں اس سے کسی بھی جماعت کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی لیکن اس کے ساتھ ساتھ عدلیہ کو حکومتی اقدامات کی حمایت کرنا ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں