متبادل ذرائع سے توانائی کا حصول حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے شہبازشریف

گنے کے پھوگ سے توانائی کے حصول کی پالیسی تیار کر لی گئی ہے، شہباز شریف


ویب ڈیسک August 29, 2013
توانائی کی پیداوار کے لئے سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ متبادل ذرائع سے توانائی کا حصول حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے.

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سے پاکستان شوگرملز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے وفود نے ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر اعظم کے مشیر برائے توانائی تصدق ملک، صوبائی وزیر توانائی شیر علی خان ، چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ، چیئرمین نیپرا خواجہ نعیم، سیکریٹری پانی وبجلی اور دیگر متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی، ملاقات میں ''گنے کے پھوگ'' سے توانائی کے حصول اورٹیکسٹائل انڈسٹری کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ توانائی کی پیداوار کے لئے سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، پنجاب حکومت توانائی کے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، گنے کے پھوگ سے توانائی کے حصول کی پالیسی تیار کر لی گئی ہے، پنجاب میں شوگرملوں سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت توانائی کے تمام منصوبے شفاف طریقے سے مکمل کرے گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے بتایا کہ شوگر ملوں کے تمام مسائل حل کردیئے گئے ہیں، جس پر شوگرملز مالکان نے مسائل کے حل پر وزیراعلی پنجاب سے اظہار تشکر کیا، جبکہ ٹیکسٹائل ملز کے مالکان نے وزیر اعلی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو فروغ دینا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں