نریندرا مودی نے دوسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھالیا

نریندرا مودی کی نئی کابینہ نے بھی حلف اٹھالیا


ویب ڈیسک May 30, 2019
مودی کی حلف برداری کی تقریب میں 8 ہزار مہمانوں کو دعوت دی گئی فوٹو: رائٹرز

بھارتی عام انتخابات میں کامیابی کے بعد بی جے پی کے نریندرا مودی نے مسلسل دوسری مرتبہ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا کر تاریخ رقم کرلی ہے۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے راشٹرا پتی بھون (ایوان صدر) میں نئی بھارتی حکومت نے حلف اٹھالیا، نریندرا مودی سے بھارتی صدر رام ناتھ کوبند نے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں 8 ہزار مہمانوں نے شرکت کی جن میں ملک کی اہم شخصیات کے علاوہ بنگلا دیش، نیپال، بھوٹان، سری لنکا، تھائی لینڈ اور دیگر ممالک کی سرکردہ شخصیات بھی شامل ہیں۔ 2014 میں نریندرا مودی نے اس وقت کے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کو بھی مدعو کیا تھا تاہم اس مرتبہ پاکستان سے کسی بھی اعلیٰ سرکاری شخصیت کو مدعو نہیں کیا گیا۔



بھارتی وزارت عظمیٰ کی حلف برداری کے بعد نئی بھارتی سرکار کے وزرا کی حلف برداری کا سلسلہ شروع ہوا۔ مودی کی کابینہ میں راج ناتھ سنگھ، نیتن گدکڑی، امیت شاہ، ہردیپ سنگھ پوری، دیوی سدانندا گودا، نرملا سیتا رام، رام ولاس پاسوان، سمرتی ایرانی اور مختار عباس نقوی سمیت 24 وزرا شامل ہیں۔ مودی کی نئی کابینہ میں سشما سوراج اور ارون جیٹلی جیسے اہم رہنما شامل نہیں۔



2014 میں نریندرا مودی کی 45 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا جو 2019 تک بڑھتے بڑھتے 75 رکنی ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ بھارت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کانگریس کے علاوہ کسی جماعت نے لگاتار دوسری مرتبہ حکومت بنائی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں