دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے میزبان زمبابوے کو 90 رنز سے شکست دے کر تین میچز پر مشتمل سیریز 1-1 پوائنٹ سے برابر کردی۔
ہرارے اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں زمبابوین کپتان برینڈن ٹیلر نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے تاہم جواب میں میزبان ٹیم کے تمام کھلاڑی 43 ویں اوور 209 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔
محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 136 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ عمر امین نے بھی 59 رنز بنا کر ٹیم کے بڑے ٹوٹل میں اہم کردار ادا کیا۔ دیگر کھلاڑیوں میں ناصر جمشید 32، احمد شہزاد 5 اور کپتان مصباح الحق 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہد آفریدی 39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
زمبابوے کی جانب سے برائن ویٹوری نے 2 کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ پراسپر اٹسیا ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔