’’گوگل گلاس‘‘ سے ڈرون کنٹرول کریں

آسٹریلیا کے ایک سیکیورٹی ریسرچر نے ’’ویئر ایبل کمپیوٹر‘‘ گوگل گلاس کو ڈرون کنٹرولر میں تبدیل کردیا

جاوا اسکرپٹ کوڈ پر مشتمل پروگرام کی مدد سے گوگل گلاس کی پروگرامنگ میں تبدیلی کرکے اسے ڈرون کنٹرول کرنے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔۔ فوٹو؛ فائل

آسٹریلیا کے ایک سیکیورٹی ریسرچر نے ''ویئر ایبل کمپیوٹر'' گوگل گلاس کو ڈرون کنٹرولر میں تبدیل کردیا ہے۔

سڈنی سے شایع ہونے والے اخبار ''سڈنی مارننگ ہیرالڈ'' کے مطابق سیکیورٹی ریسرچرBlaine Bublitz نے جاوا اسکرپٹ کوڈ پر مشتمل ایسا پروگرام بنایا ہے جس کی مدد سے گوگل گلاس کی پروگرامنگ میں تبدیلی کرکے اسے ڈرون کنٹرول کرنے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس حوالے سےBlaine Bublitz کا کہنا ہے کہ جاوا پروگرامنگ پر مشتمل ''node.js.'' نامی کوڈ کے ذریعے نہ صرف ڈرون بلکہ مختلف گاڑیوں کو بھی کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ Bublitz نے بتایا کہ گوگل گلاس سے ڈرون اڑانے کا تجربہ کرنے کے بعد مجھے اس پروگرام میں کچھ خامیوں کا بھی اندازا ہوا جنہیں میں جلد ہی دور کردوں گا۔ انہوں نے بتایا کہ فی الوقت یہ کوڈ ڈرون کو صرف سیدھ میں اڑانے اور آنکھوں کی اونچائی تک ہی کنٹرول کرسکتا ہے۔




تاہم جلد ہی ہم ڈرون کو گوگل گلاس کی مدد سے ہی مختلف سمتوں میں حرکت دینے کے قابل ہوجائیں گے، لیکن اس کام کے لیے کچھ عرصہ مزید درکار ہوگا۔
یاد رہے کہ ''گوگل گلاس'' اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم سے مزین گوگل کمپنی کا ایسا ''ویئر ایبل کمپیوٹر '' ہے جسے آپ عام چشمے کی طرح پہن کر اس کے سیدھے طرف والے شیشے پر ''آپٹیکل ہیڈ مائونٹڈ ڈسپلے '' میں نظر آنے والی تمام معلومات اور انٹرنیٹ سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

چشمے کے شیشے پر ظاہر ہونے والی اسکرین میں 640x360پکسل(یہ ریزولیشن اتنی ہی ہے جتنی آٹھ فٹ کے فاصلے پر موجود 25انچ اسکرین) کا پررزم پروجیکٹر استعمال کیا گیاہے۔ وائس کمانڈ سے چلنے والے ''گوگل گلاس'' میں آپ وائے فائے کی مدد سے انٹرنیٹ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ اسمارٹ فون اور کمپیوٹر کی خصوصیات سے مزین گوگل گلاس کو ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
Load Next Story