نیشنل بینک نے بھی بلاشاخ بینکاری کاآغازکردیا

یومائیکروفنانسنگ بینک سے معاہدہ،پنشنزوتنخواہیں یوفون فرنچائزسے لی جا سکیں گی


Business Reporter August 30, 2013
این بی پی اپنے اکاؤنٹ ہولڈروں اور کسٹمرز کو بغیربرانچ کے ملک بھر میں ان کے ذاتی اور کارپوریٹ مسائل کے حل پیش کرسکے گا۔ فوٹو: اے پی پی

نیشنل بینک آف پاکستان نے ملک بھر میں اپنے کسٹمرز کو برانچ کے بغیر سہولتوں کی فراہمی کے لیے پی ٹی سی ایل کی کمپنی یو مائیکرو فنانسنگ بینک کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے۔

معاہدے کے تحت نیشنل بینک آف پاکستان اب اپنے اکاؤنٹ ہولڈروں اور کسٹمرز کو بغیربرانچ کے ملک بھر میں ان کے ذاتی اور کارپوریٹ مسائل کے حل پیش کرسکے گا، اس معاہدے کے تحت نیشنل بینک کے کسٹمرز اور اکاؤنٹ ہولڈرز کو اب پنشن کی وصولی، بلوں کی ادائیگی، تنخواہوں کی وصولی اور بیرون ملک سے آنے والی رقوم کی وصولی کے لیے نیشنل بینک کی برانچ تک جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ اس کے لیے وہ قریبی یوفون کے فرنچائز سے بھی استفادہ کرسکیں گے۔

بینک سے قرض حاصل کرنے والے کسٹمرز بھی اس سہولت کو استعمال کر سکیں گے، اس وقت یو مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ کے پورے ملک میں 9ہزار ریٹیل آؤٹ لیٹس ہیں جبکہ نیشنل بینک کی ملک بھر میں 13 سے زائد برانچیں موجود ہیں، یو مائیکروفنانس بینک لمیٹڈکے ساتھ اشتراک کے بعد نیشنل بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرز اور کسٹمرز کو اب تقریباً ساڑھے 10ہزار آؤٹ لیٹس سے لامحدود خدمات فراہم کی جاسکیں گی، اس معاہدے کے بعد نیشنل بینک کے اپنے ملازمین بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نیشنل بینک کی کسی بھی برانچ کے علاوہ یو مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ کے آؤٹ لیٹس سے بھی اپنی تنخواہ وصول کرسکیں گے،اس معاہدے کی ایک اہم بات بینکنگ سیکٹر میں نئی سہولتیں متعارف کرانا بھی ہے۔



نیشنل بینک کی جانب سے بغیربرانچ بینکنگ کی سہولت کے بعد اب ایک عام آدمی محض اپنے موبائل فون کو استعمال کرتے ہوئے گھر بیٹھے اپنا انکم ٹیکس بھی ادا کرسکے گا، نیشنل بینک اس نئے نظام سے اپنی ایک ہزار سے زائد اے ٹی ایمز بھی منسلک کردے گا۔ یو مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ اور نیشنل بینک کے مابین اس سلسلے میں معاہدے کی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر نیشنل بینک کے آپریشنز گروپ کے سربراہ خالد محمودنے کہا کہ اس اشتراک سے پاکستان میں بینکنگ ٹرانزیکشن کا طریقہ کار ہی تبدیل ہوجائے گا۔

اس موقع پرنیشنل بینک کے صدر ڈاکٹر آصف بروہی نے کہا کہ کسٹمرز بہتر طور پر مستفید ہو سکیں گے۔ یو مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف سرہندی نے کہا کہ نیشنل بینک جیسے بڑے ادارے کے ساتھ اشتراک اعزاز ہے۔ اس موقع پر نیشنل بینک کے آئی ٹی کے شعبہ کے سربراہ محمود صدیقی، یوفون کے صدر عبدالعزیز، یو بینک کے چیئرمین حامد فاروق اور یوفون کے چیف کمرشیل آفیسر سلمان واسع بھی موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |