سپریم کورٹ کے انتباہ پر وزیر اعظم نے وزرا کو عدلیہ پر تنقید سے روک دیا

گورنر پنجاب، وزرأ اور پیپلزپارٹی کے بعض لیڈر بیان بازی سے توہین عدالت کررہے ہیں ، جسٹس کھوسہ


APP/INP/Numainda Express August 28, 2012
گورنر پنجاب، وزرأ اور پیپلزپارٹی کے بعض لیڈر بیان بازی سے توہین عدالت کررہے ہیں، شاید وزیراعظم کے کنٹرول میں نہیں ، جسٹس کھوسہ فوٹو:فائل

سپریم کورٹ کے انتباہ کے بعد وزیراعظم نے تمام وزرا اور پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کو عدلیہ پر تنقید سے روک دیا۔ پیر کو سپریم کورٹ میں وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے خلاف شوکاز نوٹس کی سماعت کے دوران5 رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ سمیت جسٹس اطہر سعید اور جسٹس گلزار نے گورنر پنجاب، وفاقی وزرأ اور پیپلزپارٹی کے بعض لیڈروں کی سپریم کورٹ کیخلاف بیان بازی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ وہ توہین عدالت کر رہے ہیں، شاید گورنر اور وزرأ وغیرہ وزیراعظم کے کنٹرول میں نہیں ہیں۔

شوکاز نوٹس کی سماعت کے دوران فاضل بینچ نے ٹی وی ٹاک شوز اور اخباری بیانات میں گورنر پنجاب، وفاقی وزرأ کے سپریم کورٹ پر حملوں کا سخت نوٹس لیا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہاکہ جو باتیں ہم سنتے ہیں اس سے یہ لگتا ہے کہ صرف ججوں کو قانون نہیں آتا باقی سب کو آتا ہے۔ انھوں نے وزیراعظم سے کہا لگتا ہے کہ گورنر اور وزیر آپ کے کنٹرول میں نہیں ہیں۔ جسٹس اطہر سعید اور جسٹس گلزار نے بھی کہاکہ مسلسل توہین عدالت کی جارہی ہے۔

اس پر وزیراعظم نے کہا کہ ٹی وی چینل تو صدر اور وزیراعظم کی توہین کرتے ہیں، ہمارے حلیے بگاڑے جاتے ہیں لیکن ہم چپ رہتے ہیں تاہم سماعت کے بعد وزیراعظم نے وفاقی وزرأ اور پارٹی عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ خاص طورپر ٹی وی ٹاک شوز کے دوران عدالتی مقدمات پر گفتگو کرتے ہوئے عدلیہ کیلیے انتہائی احترام کا اظہار کریں۔ اس بات کو یقینی بنانے کیلیے تمام کوششیں کی جائیں گی کہ جو عناصر اداروں کے درمیان غط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ان کی حوصلہ شکنی ہو۔ انھوں نے عدلیہ کے احترام کیلیے اپنی حکومت کی پالیسی کا اعادہ کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں