عید کے چاند کیلیے قمری کیلنڈر کی تجویز پر کوئی فیصلہ نہ ہوسکا

پہلے اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے درکار ہے اس کے بعد یہ معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا


May 31, 2019
پہلے اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے درکار ہے اس کے بعد یہ معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا (فوٹو:فائل)

عید الفطر کا چاند دیکھنے کے لیے فواد چوہدری کی جانب سے قمری کیلنڈر لاگو کرنے کی تجویز پر کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عید کا چاند دیکھنے کے حوالے سے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے قمری کیلنڈر سے متعلق سرکاری سطح پر کوئی فیصلہ نہ ہو سکا اور وزارت مذہبی امور کے اب تک کے اعلان کے مطابق عیدالفطر کا سرکاری سطح پر اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی جس کے لیے کمیٹی کا اجلاس 4 جون کو طلب کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے نہ آنے کے سبب قمری کیلنڈر کا معاملہ کابینہ اجلاس میں پیش نہ کیا جا سکا، اسلامی نظریاتی کونسل قمری کیلنڈر پر عید کے بعد اپنی رائے دے گی۔

ذرائع کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کے رائے کے بعد یہ معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا اگر وہ منظوری دے گی تب ہی قمری کیلنڈر کا نفاذ ممکن ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے عید اور دیگر ماہ کے چاند کی رویت کے لیے قمری کیلنڈر استعمال کرنے کا عندیہ دیا تھا اور یہ بھی کہا تھا کہ اس بار عید الفطر 5 جون کو ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں