کرپشن اسکینڈل نے بنگلہ دیش کو خواب غفلت سے جگا دیا

ڈھاکا لیگ میں ’دوستانہ فکسنگ‘ بھی بند، پلیئرز کو دیانتداری کا سبق پڑھانے کا فیصلہ


Sports Desk August 30, 2013
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کرپشن اسکینڈل سامنے آنے کے بعد بی سی بی کی جانب سے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

لاہور: کرپشن اسکینڈل نے بنگلہ دیش کو خواب غفلت سے جگا دیا، ڈھاکا پریمیئر لیگ میں 'دوستانہ فکسنگ' کا در بھی بند کیا جائے گا، ایونٹ سے قبل پلیئرز کو دیانتداری کا سبق پڑھانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کرپشن اسکینڈل سامنے آنے کے بعد بی سی بی کافی محتاط ہوچکا اور اس نے کھیل کوفکسنگ کی برائی سے پاک کرنے کیلیے سخت اقدامات کا فیصلہ کرلیا، اس سلسلے میں آئندہ ماہ شیڈول ڈھاکا پریمیئر لیگ کے حوالے سے سخت ترین انتظامات کیے جارہے ہیں،یکم اکتوبر 2012 کو اینٹی کرپشن کوڈ کی منظوری کے بعد ڈی پی ایل کا یہ پہلا ایڈیشن منعقد ہونے جارہا ہے، اسے بنگلہ دیشی کرکٹ کا پریمیئر ون ڈے ایونٹ قرار دیا جاتا ہے مگر یہ بھی فکسنگ کے الزامات سے پاک نہیں، البتہ اس میں غیرملکی بکیز شامل نہیں ہیں، آفیشلز بھی کلبز کے درمیان میچ فکسڈ کرنے کیلیے رقم کی لین دین کے امکان کو رد نہیں کرتے تاہم اسے فکسنگ کے بجائے حکمت عملی سے تعبیر کیا جاتا ہے جو کلبز کے نزدیک اگر اخلاقی نہیں تو غیرقانونی بھی نہیں ہے۔



اس بار بورڈ آفیشلز کلبز کو حکمت عملی کے نام پر ایک دوسرے کو پوائنٹس گفٹ کرنے کی اجازت دینے کو تیار دکھائی نہیں دیتے، ڈھاکا میٹروپولس کی کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین جلال یونس کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت ہم ڈی پی ایل پر بھی نظر رکھیں گے، میرا بطور پلیئر اور آرگنائزر 35 سال کا تجربہ ہے میں نے کبھی اس لیگ میں سنجیدہ نوعیت کی فکسنگ نہیں دیکھی تاہم یہ حقیقت ہے کہ ٹیمیں حکمت عملی کے طور پر ایک دوسرے کو پوائنٹس گفٹ کرتی ہیں۔ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری کا کہنا ہے کہ ہم نے کھیل سے برائی کے خاتمے کیلیے کئی اقدامات کیے، ڈی پی ایل کے آغاز سے قبل کھلاڑیوں کیلیے خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ڈھاکا گلیڈی ایٹر پر الزام تھا کہ اس نے اپنے کھلاڑیوں کو ایک میچ میں ناقص پرفارمنس کا حکم دیا تھا۔ ایک کرکٹر کا کہنا ہے کہ ڈھاکا لیگ میں اکثر کلبز اپنے کرکٹرز کو ناقص کھیل پیش کرنے کو کہتے ہیں مگر مجھے یقین ہے کہ اب کھلاڑی سبق سیکھتے ہوئے ان کی باتوں میں نہیں آئیںگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں