’چھپے رستم‘ کیویزکی مہم کا آج آغاز سری لنکا سے ٹکراؤ

ولیمسن کو پہلی ٹرافی کا انتظار،کرونارتنے آئی لینڈرزکااعتماد بحال کرنے کیلیے کوشاں


AFP June 01, 2019
ولیمسن کو پہلی ٹرافی کا انتظار،کرونارتنے آئی لینڈرزکااعتماد بحال کرنے کیلیے کوشاں فوٹو : ٹویٹر

'چھپے رستم' کیویزورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز ہفتے کو سری لنکا کیخلاف میچ سے کریں گے۔

ٹیم چار برس قبل ہوم گراؤنڈ پر منعقدہ ایونٹ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہی تھی، مگر روایتی حریف آسٹریلیا نے مات دے کر پانچویں بار ٹرافی اپنے قبضے میں کرلی تھی، اس سے قبل کیویز 6 بار سیمی فائنلز تک محدور رہے تھے، کین ولیمسن کو برینڈن میک کولم کی جگہ ٹیم کی باگ ڈور سونپی گئی ہے،وہ 2015 میں بھی اس ٹیم کا حصہ تھے جو ٹرافی کے انتہائی قریب پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی، نیوزی لینڈ نے وارم اپ میچ میں فیورٹ بھارت کو شکست دے کر اپنے بلند عزائم ظاہر کیے، ہوم شائقین کو قوی امید ہے کہ کین ولیمسن کی قیادت میں ٹیم پہلی بار ٹرافی جیت سکتی ہے، روس ٹیلر بھی سردست عمدہ فارم میں ہیں، 2017 میں ان کی ون ڈے میں اوسط 60 سے زائد رہی ہے، کین ولیمسن اور مارٹن گپٹل بھی کیوی ٹیم کی بیٹنگ لائن کا اہم ستون ہیں۔

بولنگ اٹیک میں ٹرینٹ بولٹ، کولن ڈی گرینڈ ہوم اور ٹم ساؤدی کسی بھی حریف کو ٹھکانے لگانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اسی طرح اسپن کے شعبے میں کپتان کو ایش سودھی اور مچل سینٹنر جیسے آزمودہ بولرز کا ساتھ میسر ہے، دوسری جانب 1996 کی فاتح سری لنکن ٹیم ون ڈے رینکنگ میں تنزلی کا شکار ہوکر نویںپوزیشن پر ہے، نئے کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے پلیئرز کا اعتماد بحال کرنے کے لیے کوشاں ہیں، آئی لینڈرزکو اپنے گذشتہ 9 میں سے 8 ون ڈے میچز میں شکست کا سامنا رہا ہے، البتہ ورلڈ کپ میں ریکارڈخاصا متاثر کن ہے، جہاں ٹیم ایک بار چیمپئن بننے کے ساتھ بار2رنرز اپ رہی اور ایک مرتبہ سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز پایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔