حج کرپشن کیس حامد سعید کاظمی ضمنت پر رہا دوبارہ وزیر بنائے جانے کا امکان

کرپشن کے ثبوت نہیںملے،وکیل،راؤشکیل کے اکاؤنٹس بحالی کی درخواست پرفیصلہ محفوظ


سابق وفاقي وزير حامد سعيد كاظمي ضمانت پر رہائي كے بعد سپيشل جج سينٹرل كي عدالت سے روانہ ہو رہے ہيں ۔فوٹو ايكسپريس

اسپیشل جج سینٹرل محمدایم فاروقی نے حج کرپشن اسکینڈل کیس میںگرفتارسابق وفاقی وزیرمذہبی امورعلامہ حامد سعید کاظمی کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کاحکم دے دیا ہے جس پرسابق وفاقی وزیر کوایف آئی اے ہیڈ کوارٹر کی سب جیل سے رہاکر دیاگیا جبکہ ان کے شریک ملزم سابق ڈی جی حج مکہ راؤ شکیل کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرکے مقدمے کی سماعت30 اگست تک ملتوی کر دی ۔

سماعت کے موقع پر تینوں ملزمان حامد سعید کاظمی، راؤ شکیل اور جوائنٹ سیکریٹری وزارت حج آفتاب الاسلام بھی عدالت موجود تھے،علامہ کاظمی کے وکیل سردار نصیر احمد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سابق وفاقی وزیر گزشتہ ایک سا ل 5 ماہ 10دن سے جیل میں ہیں، ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیںہے ،ایف آئی اے نے چالان میں بھی تسلیم کیا ہے کہ ان کے خلاف کرپشن یارشوت کا کوئی ثبوت نہیں مل سکا، ان کے خلاف الزام سیاسی انتقام اورجھوٹا ہے، 12 سرکاری گواہوں نے بھی ان کو بے قصور قراردیا ہے ،

انھیں ضمانت پر رہا کیا جائے، وکیل کے دلائل کے دوران ایف آئی اے نے بھی ان کے خلاف کرپشن کے عدم ثبوت کی تصدیق کی جس پر عدالت نے درخواست ضمانت منظورکرتے ہوئے فوری رہائی کا حکم جاری کر دیا، علامہ کاظمی کی طرف سے1,1 لاکھ روپے کے2ضمانتی مچلکے جمع کرادیے گئے جس پر ان کی رہائی کے احکامات جاری کر دیے گئے جبکہ سرکاری پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار علی نے سابق ڈی جی حج مکہ راؤ شکیل کے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بینک اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر8کروڑ روپے کی رقم ہے ،

یہ مبینہ طور پر کرپشن کی ہے ، راؤ شکیل پرمجموعی طور پر36 لاکھ سعودی ریال کی کرپشن کا الزام ہے ، ان کے بینک اکاؤنٹس کی بحالی کی درخواست خارج کی جائے، عدالت نے درخواست پر فیصلہ آئندہ تاریخ تک محوظ کر لیا۔ حامدسعید کاظمی نے رہائی کے بعد ''ایکسپریس'' سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ان کے خلاف کیس جھوٹا اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے، ڈیڑھ سال تک جیل کاٹی ، ضمانت پر رہائی سے مطمئن ہوں، جھوٹے الزام پر اعظم خان سواتی کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیاہے جبکہ سعودی عرب میں سابق پاکستانی سفیر عمر خان شیر زئی کے خلاف بھی اسی ہفتے مقدمہ دائر کر رہا ہوں ۔

حامد کاظمی کا کہنا تھا کہ انھیںسازش کے تحت کیس میںپھنسایا گیا ہے ، آئندہ الیکشن میں پی پی کے ٹکٹ پر ہی حصہ لوں گا، مقدمہ کی پیروی جاری رکھوں گا ،انشااللہ اس کے بعد عوامی عدالت سے بھی سرخرو ہوں گا، آئی این پی کے مطابق کمرہ عدالت کے باہر حامد کاظمی کے مریدین نے انھیں گلے لگاکر مبارکباد دی، مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق ملتان میں بھی ان کے حامیوں نے جشن منایا ۔

حج کرپشن اسکینڈل میںضمانت پر رہائی کے بعد حامد سعید کاظمی کو دوبارہ وفاقی وزیر بنائے جانے کا امکان ہے۔ ان کے قریبی ذرائع نے ''ایکسپریس'' سے گفتگومیں تصدیق کی ہے کہ حامدکاظمی دوبارہ وفاقی وزیربن رہے ہیں، رہائی کے بعدوہ پہلے اپنے آبائی گاؤں ملتان جائیںگے، اس کے بعد اپنے انتخابی حلقہ رحیم یار خان کا دورہ کریںگے اوراس کے بعد وزارت کاعہدہ سنبھالیں گے ، اس ضمن میںجب رہائی کے بعد علامہ حامدکاظمی سے استفسار کیا گیا تو انھوںنے مسکراتے ہوئے ''نو کمنٹس'' کہہ کر سوال ٹال دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں