سیلز ٹیکس ریفنڈ بانڈز 600 برآمدکنندگان نے سی ڈی سی اکاؤنٹ کھول لیے

ایکسپورٹرزکے200ارب کے کلیمز زیرالتوا، 600 برآمدکنندگان کے45ارب سیلزٹیکس کلیمزہیں


Ehtisham Mufti June 02, 2019
مالیت ایک لاکھ روپے ہے، میعاد 3سال،ٹرانسفر یاقرضے کی بینک گارنٹی بھی دی جاسکتی ہے۔ فوٹو: فائل

سیلز ٹیکس ریفنڈ بانڈز کی سہولت سے استفادے کیلیے جمعہ کی شب تک 600 برآمدکنندگان نے سینٹرل ڈپازٹری کمپنی میں انویسٹراکاؤنٹ کھول لیے ہیں۔

ذرائع نے ایکسپریس کوبتایاکہ حکومت نے پہلے مرحلے میں برآمد کنندگان کے90سی ڈی سی انویسٹرز اکاؤنٹس میں 7ارب روپے کے سیلزٹیکس بانڈزجاری کردیے ہیں۔ ذرائع نے بتایاکہ سی ڈی سی میں کھولے گئے 600 انویسٹراکاؤنٹ ہولڈر برآمدکنندگان کے سیلزٹیکس کلیمزکی مجموعی مالیت45 ارب روپے بنتی ہے جبکہ برآمدکنندگان کا کہناہے کہ سیلز ٹیکس ریفنڈ کی مد میں ان کے200ارب روپے کے کلیمز زیرالتوا ہیں۔

ذرائع نے بتایاکہ21جون 2019 کو حکومت سیلزٹیکس بانڈز کے دوسرے مرحلے کااجرا کرے گی۔

واضح رہے کہ سیلزٹیکس ریفنڈکے حصول کے لیے سی ڈی سی میں انویسٹراکاؤنٹ کھولنابرآمدکنندگان پر لازم ہوگیا ہے اور جاری ہونے والے سیلزٹیکس بانڈ کی مدت میچورٹی 3سال مقررکی گئی ہے جس پر سالانہ10فیصد منافع کی شرح مقررکی گئی ہے۔

ایک سیلزٹیکس بانڈ کی مالیت ایک لاکھ روپے ہے جوکسی کو فروخت کرنے کے علاوہ ٹرانسفر یا بینک سے قرضوں کے حصول کے عوض بطور ضمانت جمع بھی کرایاجاسکتاہے اس طرح سے3سالہ مدت کی میچورٹی کے بعد سیلزٹیکس بانڈ کی ویلیو اپنی اصل ویلیو سے 30فیصد زیادہ قدر کی حامل ہوجائے گی۔

ٹاول مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے اپنے اراکین کی سہولت کے لیے سی ڈی سی کا خصوصی کاؤنٹر قائم کردیاہے جو11 اور12 جون2019 کو سی ڈی سی انویسٹرز اکاؤنٹ کھلوانے میں معاونت کرے گا۔ ہفتے کو ٹی ایم اے میں سی ڈی سی حکام کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران بھی موقع پر متعدد برآمدکنندگان کے سی ڈی سی انویسٹراکاؤنٹ کھولے گئے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں